Sunday, 11 December 2016

علامہ نیاز فتحپوری اور جماعت احمدیہ


میں اور احمدی جماعت

(نیازفتحپوری)
جب سے میں نے احمدی جماعت کے متعلق اظہار خیال شروع کیا ہے اسی وقت سے مجھے یقین ہے کہ دنیا کو سب سے پہلے یہی جستجو ہوگی کہ وہ شخص جو اپنے عقائد کے لحاظ سے دہریہ یا ملحد قسم کا انسان ہے کیوں احمدی جماعت کی موافقت کر رہا ہے اور مرزا غلام احمد صاحب کیا کیوں اس قدر معترف ہے اور اسی کے ساتھ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اس جستجو میں کتنی بد گمانیاں پیدا ہوگئیں ۔ چنانچہ اس دوران میں جو خطوط ہندوستان پاکستان کے دور دراز گوشوں سے موصول ہوئے اُن سے میرے اس خیال کی تصدیق ہوتی ہے ۔
نمونہ کے طورپر ایک خطہ ملاحظہ ہو یہ خط چمن کے ایک صاحب شیخ عبدا للہ کا ہے لکھتے ہیں کہ
’’ اخبار والے ہمیشہ اس تاک میں رہتے ہیں کہ کوئی ایسا مضمون ہاتھ آجائے کہ خریداروں میں زبردست اضافہ ہو جائے ۔ اس لئے آپ کی موجودہ قلابازی پر کوئی تعجب نہیں ۔ پہلے بعض لوگوں کا خیال تھا کہ آپ دہریہ ہیں اب یہ خیال ہے کہ آپ مرزائی قادیانی ہوگئے ہیں یا ان سے کوئی رشوت عظیم کھائی ہے لہذا آپ کی باتیں کوئی وز ن نہیں رکھتیں جب تک آیات قرآنی اور حادیث اس کی تائید میں نہ ہوں ۔ آئندہ اگر نگار میں قادیانی مذہب کی حمایت کا ارادہ ہو تو قرآن و حدیث سے لیس ہو کر میدان میں آئیں ‘‘
اس سلسلہ میں تین الزام مجھ پر عائد کئے جاتے ہیں ایک یہ کہ اس سے میرا مقصود صرف نگار کی توسیع اشاعت ہے ۔ دوسرے یہ کہ میں احمدی ہوگیا ہوں لیکن بدنامی کے اندیشہ سے اسے کھل کر ظاہر نہیں کرتا۔ تیسرے یہ کہ تبلیغ احمدیت کے لئے مجھے احمدی جماعت کی طرف سے (ان کے الفاظ میں ) ’’کوئی رشوت عظیم‘‘ ملی ہے ۔
ان میں کوئی خیال ایسا نہیں جو انوکھا ہو ۔ کیوں کہ دنیائے صحافت و تبلیغ میں ایسی متعدد مثالیں موجودہیں کہ محض ذاتی اغراض کی بناء پر لوگوں نے اپنا Greed بدل دیا ۔ مذہب بدل دیا، اپنی وطینت و قومیت بدل دی ۔ لیکن جس حد تک نگار اور میری ذات تعلق ہے اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہناچا ہتا کہ 
 گفتہ بودی ہمہ زرق اندوفریب اندروفسوس 
سعدی آں نیست ولیکن چوتو فرمائی ہست
ساری دنیا کو معلوم ہے کہ نگار کا ایک خاص حلقہ ہے ۔ ان حضرات کا جو ادب سیاست و مذہب ہر چیز میں آزادی فکر و خیال کے حامی ہیں اسی لئےاس وقت بھی جب پورے ہندوستان میں میرے اور نگار کے خلاف الزام دہریت و الحاد کا طوفان برپا تھا ۔ نگار کی اشاعت پر کوئی اثر نہیں پڑا اور ایک اچھی خاصی جماعت میری ہمنوا ہوگئی ۔
اسی لئے ظاہر ہے کہ اس صورت میں حمایت احمدیت میں میرا کچھ لکھنا ، نگار کے لئے باع نقصان ہی ہو سکتا تھا نہ کہ نفع بخش کیونکہ اس طرح لوگوں کو یہ خیا ل پیدا ہوسکتا تھا کہ میں مذہب کے باب میں رجعت پسند ہوگیا ہوں اور وہ نگار سے دست کش ہو جاتے بنابریں یہ قیاس کرنا کہ یہ سب کچھ میں توسیع اشاعت نگار کے لئے کررہا ہوں ۔ کسی طرح درست نہیں ہو سکتا ۔ اب رہا یہ پہلو کہ اس سے مقصود یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس طرح احمدیت جماعت میں نگار کے زیادہ خریدارپیدا ہو جائیں گے ۔ سو یہ بھی نہایت کمزور پہلوہے ۔ کیونکہ اول تو احمدی جماعت کو اس کی چنداں ضرورت ہی نہیں اور ان کا پروپنگیڈہ کرے دوسرے یہ کہ احمدی جماعت مشکل ہی سے باور کر سکتی ہے کہ میں کسی وقت احمدی ہو سکتا ہوں ، کیونکہ جس حد تک عقائد کا تعلق ہے میرے اور ان کے درمیان کافی اختلاف ہے ۔ رہی تیسری بات ’’رشوت عظیم‘‘ کی سو اس سلسلہ میں  سب سے پہلے یہی سوال پیدا ہوتا ہے کہ انہیں رشوت دینے کی ضرورت ہی کیا ہے ۔ جب کہ ان کے سارے کام بغیر رشوت کے ہی اچھی طرح چل رہے ہیں ۔ دوسرے یہ کہ حقیقت کے لحاظ سے بھی یہ الزام غلط ہے اورمیرا یہ کہنا غلط نہیں ہوسکتا کیونکہ بصورت دیگر کم ازکم احمدی جماعت تو یقینا سمجھ جاتی  کہ میں کس قدر جھوٹا و لغو انسان ہوں کہ باوجود رشوت لینے کے میں اس سے انکار کر رہا ہوں اور میں ان کی نگاہ میں اپنے آپ کو ذلیل کرنا پسند نہ کرتا ۔
بہرحال اس قسم کی بد گمانیوں کی پرواکئے بغیر میں ایک بار پھر نہایت صداقت کے ساتھ یہ ظاہر کر دینا چاہتا ہوں کہ میں تو ان کی عملی زندگی کا یقینا مداح ہوں اور اگر میں بانی احمدیت کی تعریف کرتا ہوں تو اسی لئے کہ وہ مسلمانوں صحیح راستہ پر کھنیچ لائے اور احساس اجتماعی کا وہ زبردست ولولہ اپنی جماعت میں پیدا کر گئے جس کی نظیرمسلمانوں کی کسی دوسری جماعت میں نہں ملتی ۔ 
رہا یہ مطالبہ کہ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اس جماعت کے معتقدات پر گفتگو کروں ۔۔۔۔ تو مجھے اس مطالبہ پر سخت حیرت ہے کیوں کہ جب تک پہلے یہ نہ ثابت کر دیا جائے کہ احمدی جماعت قرآن و حدیث کی تعلیمات سے منحرف ہے اس وقت تک قرآن و حدیث سے استدلال کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ بلکہ میں تو الرغم اس الزام کے یہ دیکھتا ہوں کہ قرآن و حدیث کی تعلیمات پر عمل کرنے کا جو جذبہ ان مین پایا جاتا ہے وہ دوسری مسلم جماعتوں میں نظر ہی نہیں آتا ۔ 
سب سے بڑا الزام جو ان پر قائم کیا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ وہ ختم نبوت کے قائل نہیں ۔ حالانکہ اس کے زیادہ لغو اور غلط بات اور کوئی ہو ہی نہیں سکتی ۔ مرزا غلام احمد نہ صرف یہ کہ رسو ل خدا ﷺ کو خاتم النبین سمجھتے تھے ۔ بلکہ شریعت رسول کو بھی آخری شریعت تسلیم کرتے تھے ۔ حیرت ہی کہ لوگوں کو ان کی طرف سے کیوں یہ غلط خیال قائم ہو گیا اور ان کی تصنیفات کا مطالعہ کئے بغیر محض دوسروں کے کہنے پرکیوں یقین کر لیا گیا ۔ 
اس سلسلہ میں ضرور ایک بات بحث طلب ہے کہ مہدی موعود یا مثیل مسیح ہونے کے سلسلہ میں انہوں جو کچھ کہا ہے وہ کس حد تک قابل قبو ل ہے سو میں اس کا زیادہ اہمیت نہیں دیتا کیونکہ اگر میں ان روایات کو درست نہ سمجھوئوں جو مہدی موعود اور ظہور دجال کے متعلق بیان کی جاتیں ہیں تو بھی یہ حقیقت بدستور اپنی جگہ پرقائم ہے ۔ کہ مرزا صاحب نے اسلام کی بڑی گراں قدر خدمات سرانجام دیں ۔ اور اصل چیز یہی ہے۔
 جس حد تک عقائد کا تعلق ہے ۔ عامتہ المسلین اور ان کے درمیان کوئی اختلا ف نہیں ۔ دونوں خدا کی وحدانیت کے قائل ہیں ۔ دونوں رسول اللہ کو خاتم النبین سمجھتے ہیں ۔ دونوں قرآن کو خدا کا کلام جانتے ہیں ۔ دونوں استناد بل حدیث پر عامل ہیں ۔دونو ں بقاء روح ، حیاب بعد الموت ، حشر ونشر، جزاوو سزا ، بہشت دوزخ اور معجزہ وغیرہ کے قائل ہیں ۔
اس لئے عام مسلمانوں کو تو ان کے خلاف کہنے کا کچھ مواقع ہی نہیں ۔ رہی یہ بات کہ آپ کیوں یہ بات مانیں کہ مرزا صاحب مجدد تھے مہدی موعود تھے ۔ مثیل مسیح تھے وغیرہ وغیرہ ۔ سو اول تو اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں اگر ہو بھی تو بھی آپ کا انکار کے لئے معقول وجہ موجود نہیں ۔ سوائے اس کے کہ آپ یہ کہیں کہ ایسا یقین کرنے کو ہمارا جی نہیں چاہتا برخلاف اس کے وہ اپنے دعویٰ کے ثبوت میں متعدد روایات ایسی پیش کرتے ہیں جن کی صحت سے آپ کو بھی انکار نہیں اورپھر اس کو بھی جانے دیئجے ۔ خود مرزا صاحب کی زندگی اور ان کا کردار بجائے خود ان کے دعویٰ کا زبردست ثبوت ہے ۔ مشکل تو میرے لئے ہے کہ میرے نزدیک خدا ،رسول ، قرآن ، معجزہ، روح، معاد ، وحی الہام وغیرہ تمام مسائل کا مفہوم کچھ اورہے ۔ جو یقینا احمدی اور غیراحمدی دونوں جماعتو ں کے بالکل علیحدہ ہے ۔ لیکن آپ باوجود اس  کے کہ میرزا صاحب کو برا کہنے کی کوئی دلیل اپنے پاس نہیں رکھتے انکے مخالف ہیں ۔ اور میں ا ن کے بہت سے معتقدات کا اصولاً قائل نہیں ان سے محبت کرتاہوں ، ان کی بڑی عظمت اپنے دل مین پاتا ہوں ، میں ان کو بہت بڑا انسان سمجھتا ہوں ۔ ایسا کیوں ہے ؟ غالباً اس لئے کہ آپ حقیقت کو ڈھونڈتے ہیں کتابوں میں ، میں اس کی جستجو کرتا ہوں دلوں میں ۔ اورمرزا غلام احمد کے دل میں نے اسی حقیقت  کو جلوہ گر پایا ۔ 
مجھے روایات مین نہ اُلجھائے ورنہ میں وہی عقل ہرزہ کار کی باتیں شروع کر دو نگا جو چالیس سال کی کوشش کے بعد بھی مجھے نہ انسان بنا سکیں کسی اور کو ، حالانکہ مرزا صاحب نے اپنی بہت سی سمجھ میں نہ آنے والی باتوں ہی سے نہ جانے کتنے حیوانوں کو انسان بنا دیا ۔
دلشتان مابین الخل و الخمر
(نگار ، دسمبر 1960 صفحہ 28 تا 30)

انتخاب از : ملاحظات نیاز فتحپوری





مکمل تحریر >>