Wednesday 22 February 2017

تہجد کے لیے اٹھنے کے تیرہ طریق



’’سوال یہ ہے کہ تہجد پڑھنی تو ضرور چاہئے مگر رات کو اٹھیں کیونکر؟ اس کا ایک ادنیٰ طریق مَیں پہلے بتا تا ہوں۔ اگر چہ اس میں نقصان بھی ہے مگر فائدہ بھی ہو سکتاہے۔ اور وہ یہ ہے کہ آج کل الارم والی گھڑیاں مل سکتی ہیں ا ن کے ذریعہ انسان جاگ سکتاہے۔ مگر میرا تجربہ ہے کہ یہ کوئی ایسا مفید طریق نہیں ہے۔ وجہ یہ ہے کہ چونکہ انسان کو بھروسہ ہوجاتاہے کہ وہ مجھے وقت پر جگا دے گی اس لئے رات کوا ٹھنے کی نیکی کی طرف جو توجہ اور خیال ہوناچاہئے وہ اس کو نہیں ہوتا۔ اگر اسے اٹھنے کا خیال ہوتا اوراسی خیال میں ہی اس کی آنکھ لگ جاتی تو گویا وہ ساری رات ہی عباد ت کرتا رہتا۔
اس کے علاوہ کبھی ایسا بھی ہوتاہے کہ اگر اٹھنے کو جی نہ چاہے تو انسان بجتے بجتے الارم کو بند کردیتاہے۔
 لیکن اگر نیت اورارادہ سے سوئے گا تو وقت پر ضرور اٹھ کھڑا ہوگا۔ 
پھر ایسے لوگ جو گھڑی کے ذریعہ اٹھتے ہیں وہ اس بات کی شکایت کرتے ہیں کہ نماز میں نیند آتی ہے۔ اس کی بھی وجہ یہی ہے کہ وہ گھڑی سے اٹھتے ہیں نہ کہ اپنے طورپر ۔اس لئے یہ طریق کوئی مفید نہیں ہے۔ ہاں ابتدائی حالت کے لئے یا کسی خاص ضرورت کے وقت مفید ہوتاہے۔
میرے نزدیک وہ طریق جن سے رات کو اٹھنے سے مدد مل سکتی ہے تیرہ(13) ہیں۔ اگر کوئی شخص ان پر عمل کرے تو مَیں یقین رکھتاہوں کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اسے ضرور کامیابی ہوگی۔ شروع میں تو ہر کام میں مشکلات ہوتی ہیں مگر آخر کار ضروران میں کامیابی ہوگی۔یہ سب باتیں جو مَیں بیان کروں گاوہ قرآن وحدیث سے ہی اخذ کی ہوئی بیان کروں گا نہ کہ اپنی طرف سے ۔ مگر یہ خداتعالیٰ کا مجھ پرخاص فضل ہے کہ یہ باتیں مجھ پرہی کھولی گئی ہیں۔اور اَوروں سے پوشیدہ رہی ہیں۔ اگر وقت تنگ نہ ہوتا تو مَیں قرآن کریم کی وہ آیات اور حدیثیں بھی بیان کردیتا جن سے مَیں نے اخذکی ہیں مگر اب صرف نتائج ہی بیان کروں گا۔

پہلا طریق

پہلا طریق یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے نیچر میں قاعدہ رکھاہے کہ جس وقت میں کوئی چیز پیداہوئی ہے وہی وقت جب دوسری دفعہ آئے تو اس چیز میں پھر جوش پیدا ہوجاتاہے۔ اس کی مثالیں کثرت سے مل سکتی ہیں۔ مثلاً انسان کوجو بیماری بچپن میں ہووہی بیماری بڑھاپے میں جبکہ بچپن کی سی حالت ہو جاتی ہے عود کر آتی ہے۔ یہی بات درختوں اورپرندوں میں پائی جاتی ہے۔ اس قاعدہ سے رات کو اٹھنے میں مد د مل سکتی ہے کہ عشاء کی نماز پڑھنے کے بعد کچھ عرصہ ذکر ا لٰہی کرلے ۔اس کا یہ فائدہ ہوگا کہ جتناعرصہ وہ ذکرکرے گا صبح اتناہی قبل اس کی آنکھ ذکرکرنے کے لئے کھل جائے گی ۔

دوسرا طریق

دوسرا طریق یہ ہے کہ عشاء کی نمازکے بعدکسی سے کلام نہ کرے ۔رسول کریم ﷺ نے بھی عشاء کی نماز پڑھنے کے بعد کلام کرنے سے روکا ہے۔گویہ بھی ثابت ہے کہ بعض دفعہ آپ ؐکلام کرتے رہے ہیں۔ مگر عام طورپر آپ نے منع فرمایا ہے ۔اس کا باعث یہ ہے کہ اگر عشاء کی نماز کے بعد باتیں شروع کردی جائیں تو انسان زیاد ہ جاگے گا اور صبح کو دیر کرکے اٹھے گا۔ اور دوسرے یہ کہ اگر وہ باتیں دینی اور مذہبی نہ ہوں گی تو ان کی وجہ سے توجہ دین سے ہٹ جائے گی ۔ اس لئے آنحضرتﷺنے فرمایاکہ عشاء کی نمازکے بعدبغیرکلام کئے سو جانا چاہئے تاکہ دینی خیالات پرہی آنکھ لگے اور سویرے کھل جائے ۔ دفتر کے کام یا اورکوئی ضرور ی فعل عشاء کی نمازکے بعد منع نہیں۔ مگر یہ ضروری ہے کہ سونے سے پہلے ذکر کر لے ۔ یہ دوسرا طریق ہے ۔

 تیسرا طریق

تیسرا طریق یہ ہے کہ جب کو ئی عشاء کی نماز پڑھ کر آئے اور سونے لگے تو خواہ اس کا وضو ہی ہے تو بھی تازہ وضو کرکے چارپائی پر لیٹے ۔اس کا ا ثر قلب پر پڑتاہے اور اس سے خاص قسم کی نشاط پیدا ہوتی ہے۔ اور جب کوئی تازہ وضو کی وجہ سے نشاط کی حالت میں سوئے گا تووہ آنکھ کھلتے وقت بھی نشاط میں ہی ہوگا ۔عام طورپر یہ دیکھا گیاہے کہ اگرکوئی روتا سوئے تو وہ چیخ مار کر اٹھ بیٹھتا ہے ۔ اوراگر ہنستاسوئے تو اٹھتے وقت بھی اس کا چہرہ بشاش ہی ہوتاہے ۔اسی طرح جووضو کرکے نشاط سے سوتاہے وہ اٹھتابھی نشاط سے ہی ہے۔ اور اس طرح اس کو اٹھنے میں مدد ملتی ہے۔

چوتھا طریق

چوتھا طریق یہ ہے کہ جب سونے لگے تو کوئی ذکر کر کے سوئے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ رات کو ذکر کرنے کے لئے پھر اس کی آنکھ کھل جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضرت ﷺ بھی سونے سے پہلے یہ ذکر کیا کرتے تھے ۔ آیت الکرسی ، پھر تینو ں قُل ایک ایک دفعہ پڑھ کراپنے ہاتھوں پر پھونکتے اور ہاتھ سارے جسم پر پھیرتے اورایسا تین دفعہ کرتے تھے اورپھر دائیں طرف منہ کرکے یہ دعا پڑھتے:’’اَللّٰھُمَّ اَسْلَمْتُ نَفْسِیْ اِلَیْکَ وَوَجَّھْتُ وَجْھِیْ اِلَیْکَ وَفَوَّضْتُ اَمْرِیْ اِلَیْکَ رَغْبَۃً وَّرَھْبَۃً اِلَیْکَ لَا مَلْجَاءَ وَلَامَنْجَاءَ مِنْکَ اِلَّا اِلَیْکَ۔ اَللّٰھُمَّ اٰمَنْتُ بِکِتَابِکَ الَّذِیْ اَنْزَلْتَ وَنَبِیِّکَ الَّذِیْ اَرْسَلْتَ‘‘ اور اسی طرح ہرایک مومن کوچاہئے۔ اور پھر چارپائی پر لیٹ کر دل میں’’ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ‘‘ یاکوئی اور ذکر جاری رکھنا چاہئے حتی کہ اس حالت میں آنکھ لگ جائے۔کیونکہ جس حالت میں انسان سوتاہے عام طورپر وہی حالت ساری رات اس پر گزرتی رہتی ہے۔ اس لئے جو شخص تسبیح و تحمید کرتے سوئے گا گویا ساری رات اسی میں لگا رہے گا ۔دیکھو عورتیں یابچے اگر کسی غم اور تکلیف میں سوئیں توسوتے سوتے جب کروٹ بدلتے ہیں تو دردناک اور غمگین آوازنکالتے ہیں کیونکہ اس غم کا جوسوتے وقت ان کو تھا ان پر اثر ہوتاہے۔ لیکن اگر کوئی تسبیح کرتے سوئے گا تو جب کروٹ بدلے گا اس کے منہ سے تسبیح کی آوازہی نکلے گی ۔یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں خدا تعالیٰ فرماتاہے کہ مومن وہ ہوتے ہیں کہ﴿تَتَجَافٰی جُنُوْبُھُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ یَدْعُوْنَ رَبَّھُمْ خَوْفًا وَّطَمْعًا وَّمِمَّا رَزَقْنٰھُمْ یُنْفِقُوْنَ﴾(السجدۃ:17) یعنی ان کے پہلو بستروں سے اٹھے رہتے ہیں اور وہ خوف اور طمع سے اﷲ تعالیٰ کو پکارتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس سے خرچ کرتے ہیں ۔ بظاہر تو بات درست معلوم نہیں معلوم ہوتی کیونکہ آنحضرت ﷺبھی سوتے تھے اور دوسرے سب مومن بھی سوتے ہیں۔ لیکن اصل بات یہ ہے کہ چونکہ تسبیح کرتے کرتے سوتے ہیں اس لئے ان کی نیند، نیند نہیں ہوتی بلکہ تسبیح ہی ہوتی ہے اور اگر چہ وہ سوتے ہیں مگر درحقیقت سوتے نہیں ۔ان کی کمریں بستروں سے الگ رہتی ہیں اوروہ خدا کی یاد میں مشغول رہتے ہیں۔

پانچواں طریق

پانچواں طریق یہ ہے کہ سونے کے وقت کامل ارادہ کرلیا جائے کہ تہجد کے لئے ضرور اٹھوں گا ۔ انسان کے اندر خداتعالیٰ نے یہ طاقت رکھی ہے کہ جب وہ زورسے اپنے نفس کوکوئی حکم کرتاہے تووہ تسلیم کرلیتاہے اور یہ ایک ایسی بات ہے جس کو تمام دانا مانتے آئے ہیں ۔پس تم سونے کے وقت پختہ ارادہ کرلو کہ تہجد کے وقت ضرور اٹھیں گے ۔اس طرح کرنے میں گوتم سو جاؤ گے مگر تمہاری روح جاگتی رہے گی کہ مجھے حکم ملا ہے کہ فلاں وقت جگاناہے اور عین وقت پر خود بخود تمہاری آنکھ کھل جائے گی۔

چھٹا طریق

چھٹا طریق ایسا ہے کہ جس کے کرنے کی مَیں صرف ایسے ہی شخص کو ا جازت دیتاہوں جو یہ دیکھتاہوکہ میرا ایمان خوب مضبوط ہے اور وہ یہ کہ وتروں کو عشاء کی نماز کے ساتھ نہ پڑھے بلکہ تہجد کے وقت پڑھنے کے لئے رہنے دے۔ عام طورپر یہ بات پائی جاتی ہے کہ انسان فرض تو خاص طورپر ادا کرتاہے مگر نفل میں سستی کر جاتاہے۔ پس جب نفلوں کے ساتھ واجب مل جائے گا تو اس کی روح کبھی آرام نہ کرے گی جب تک ا س کو ادا نہ کرے ۔ اور اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ نفس سستی نہیں کرے گا ۔ لیکن اگر وتر پڑھے ہوئے ہوں اورتہجد کے وقت آنکھ کھل بھی جائے تو نفس کہہ دیتاہے کہ وتر توپڑھے ہوئے ہیں ،نفل نہ پڑھے تونہ سہی۔ مگر جب یہ خیال ہوگا کہ وتر بھی پڑھنے ہیں تو ضرور اٹھے گا اور جب اٹھے گا تو نفل بھی پڑھ لے گا ۔لیکن جیساکہ مَیں نے پہلے بتایاہے اس کے لئے شرط ہے کہ ایمان بہت مضبوط ہو ۔ جب ایمان مضبوط ہوگا تو وتروں کے لئے ضرور اٹھے گا ورنہ وتروں کے پڑھنے سے بھی محروم رہے گا۔

ساتواں طریق

ساتواں طریق بھی انہی لوگوں کے لئے ہے جو روحانیت میں بہت بڑھے ہوئے ہیں اور وہ یہ کہ عشاء کی نمازکے بعد نفل پڑھنے شروع کردیں اور اتنی دیر تک پڑھیں کہ نماز میں ہی نیند آجائے اور اتنی نیند آئے کہ برداشت نہ کی جاسکے۔ اس وقت سوئے۔ باوجوداس کے کہ اس میں زیادہ وقت لگے گا مگر سویرے نیند کھل جائے گی ۔ یہ روحانی ورزش ہوتی ہے۔

آٹھواں طریق

آٹھواں طریق وہ ہے جس کا ہمارے صوفیاء میں رواج تھا۔مَیں نے اس کی ضرورت محسوس نہیں کی مگر ہے مفید۔ اور وہ یہ ہے کہ جن دنوں میں زیادہ نیند آئے اور وقت پر آنکھ نہ کھلے ان میں نرم بستر ہٹا دیا جائے۔

نواں طریق

نواں طریق یہ ہے کہ سونے سے کئی گھنٹے پہلے کھانا کھالیا جائے۔ یعنی مغرب سے پہلے یا مغرب کی نمازکے بعد فوراً ۔بہت دفعہ ایسا ہوتاہے کہ انسان کی روح چست ہوتی ہے مگر جسم سست کر دیتاہے۔ جسم ایک طوق ہے جو روح کو چمٹا ہوا ہے۔ جب یہ طوق بھاری ہوجائے تو پھر روح کو دبا لیتاہے۔ اس لئے سونے کے وقت معدہ پُر نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس کا اثر قلب پر بہت پڑتاہے اور انسان کو سست کر دیتاہے۔

دسواں طریق

دسواں طریق یہ ہے کہ جب انسان رات کو سوئے تو ایسی حالت میں نہ ہوکہ جنبی ہو یا اسے کوئی غلاظت لگی ہو۔ بات یہ ہے کہ طہارت سے ملائکہ کا بہت بڑا تعلق ہے اور وہ گندے انسان کے پاس نہیں آتے بلکہ دور ہٹ جاتے ہیں۔ اسی لئے رسول کریم ﷺ کے سامنے جب ایک بُودار چیز کھانے کے لئے لائی گئی تو آپ ؐنے صحابہ کو فرمایا کہ تم کھالو، مَیں نہیں کھاتا ۔ صحابہ نے کہا ہم بھی نہیں کھاتے ۔ آپ ؐ نے فرمایا تم کھالو میرے ساتھ تو فرشتے باتیں کرتے ہیں اس لئے مَیں نہیں کھاتاکیونکہ انہیں ایسی چیزوں سے نفرت ہے۔ 
تو غلاظت کو ملائکہ بہت ناپسند کرتے ہیں۔ حضرت خلیفۃالمسیح الاول سناتے تھے کہ ایک دفعہ مَیں نے کھانا کھایا اور ہاتھ دھوئے بغیر سوگیا۔ رؤیا میں مَیں نے دیکھا کہ میرے بھائی صاحب آئے ہیں اور انہوں نے مجھے قرآن کریم دینا چاہا لیکن جب مَیں ہاتھ لگانے لگا تو کہا کہ ہاتھ نہ لگانا تمہارے ہاتھ صاف نہیں ہیں۔ توبدن کے صاف ہونے کا قلب پر بہت اثر پڑتاہے۔ صفائی کی حالت میں سونے والے کو ملائکہ آ کر جگادیتے ہیں۔ لیکن اگر صفائی میں فرق ہو تو پاس نہیں آتے ۔ یہ طریق جسم کی صفائی کے متعلق ہے۔

گیارھواں طریق

گیارھواں طریق یہ ہے کہ بستر پاک و صاف ہو۔ بہت لوگ اس بات کی پرواہ نہیں کرتے مگر یاد رکھناچاہئے کہ بستر کی پاکیزگی روحانیت سے خاص تعلق رکھتی ہے اس لئے اس کا خاص خیا ل رکھنا چاہئے۔

بارھواں طریق

بارھواں طریق ایساہے کہ عوام کو اس پر عمل کرنے کی وجہ سے نقصان پہنچ سکتاہے ۔ ہاں خاص لوگوں کے لئے نقصان دہ نہیں اور وہ یہ کہ میاں وبیوی ایک بستر میں نہ سوئیں ۔رسول کریم ﷺ سوتے تھے لیکن آپؐ کی شان بہت بلند وارفع ہے۔ آپ ؐپر اس کا کوئی اثر نہیں ہوسکتا تھامگر دوسرے لوگوں کو احتیاط کرنی چاہئے۔ بات یہ ہے کہ جسمانی شہوت کااثر جتنازیادہ ہو اسی قدر روحانیت کو بند کر دیتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ شریعت نے کہاہے کہ کھاؤ پیو مگر حد سے نہ بڑھو۔ کیوں نہ حد سے بڑھو؟ اس لئے کہ شہوانی جذبہ زیادہ بڑھ کرروحانیت کونقصان پہنچائے گا ۔ پس وہ لوگ جو اپنے نفس پر قابو رکھتے ہیں وہ اگر اکٹھے سوئیں تو کوئی حرج نہیں ہوتامگر عام لوگوں کو اس سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اوروہ لوگ جنہیں اپنے خیالات پر پورا پورا قابو نہ ہوان کواکٹھا نہیں سوناچاہئے۔ اس طرح ان کو شہوانی خیالات آتے رہیں گے۔ اوربعض دفعہ ایسا بھی ہوتاہے کہ سوتے سوتے جماع کرنے یا پیارکرنے لگ جاتے ہیں اس طرح روحانیت پربُرا اثر پڑتاہے اوراٹھنے میں سستی ہوجاتی ہے۔

تیرھواں طریق

تیرھواں طریق ایسا اعلیٰ ہے کہ جو نہ صرف تہجد کے لئے اٹھنے میں بہت بڑا ممد اور معاون ہے بلکہ اس پر عمل کرنے سے انسان اَور بدیوں اور برائیوں سے بھی بچ جاتاہے اور وہ یہ ہے کہ سونے سے پہلے دیکھنا چاہئے کہ ہمارے دل میں کسی کے متعلق کینہ یا بغض تو نہیں ہے ۔ اگر ہو تو اس کو دل سے نکال دینا چاہئے۔ 
اس کانتیجہ یہ ہوگا کہ روح کے پاک ہونے کی وجہ سے تہجد کے لئے اٹھنے کی توفیق مل جائے گی۔ خواہ اس قسم کے خیالات ان پر پھر قابو پا ہی لیں۔ لیکن رات کو سونے سے پہلے ضرور نکال دینے چاہئیں اور دل کوبالکل خالی کر لینا چاہئے۔ اس میں حرج ہی کیاہے ۔اگر کوئی ایسے خیالات میں دنیاوی فائدہ سمجھتاہے تودل کو کہے کہ دن کو پھر یاد رکھ لینا ۔رات کو سونے کے وقت کسی سے لڑائی تو نہیں کرنی کہ ان کودل میں رکھا جائے۔ اول توایسا ہوگا کہ اگرایک دفعہ اپنے دل سے کسی خیال کی جڑ کا ٹ دی جائے گی تو پھر وہ آئے گا ہی نہیں ۔ دوسرے اس قسم کے خیالات رکھنے سے جو نقصان پہنچنا ہوتاہے اس سے انسان محفوظ ہوجاتاہے۔یہ ایک ثابت شدہ بات ہے کہ ایک چیزجس قدر زیادہ عرصہ ایک دوسرے کے ساتھ رہتی ہے اسی قدر زیادہ اپنا اثر اس پرکرتی ہے۔ مثلا ً اگر اسفنج کو پانی سے بھرکرکسی چیز پرجلد ی سے پھیر کرہٹایاجائے تو وہ بہت تھوڑی گیلی ہوگی ۔لیکن اگر دیر تک اس پر رکھا جائے تو وہ بہت زیادہ بھیگ جائے گی۔ اسی طرح جوخیالات انسان کودیر تک رہیں وہ اس کے دل میں بہت زیادہ جذب ہو جاتے ہیں اورسوتے وقت جن خیالات کوانسان اپنے دل میں رکھے ان کواس کی روح ساری رات دہراتی رہتی ہے ۔دن میں اگر کوئی ایسا خیال ہوتو وہ اتنا نقصان دہ نہیں ہوتا جتنا رات کے وقت کا۔ کیونکہ دن میں دوسرے کاروبار میں مشغول ہونے کی وجہ سے وہ بھلا دیتاہے۔ لیکن رات کو باربار آتارہے گا۔ پس سوتے وقت اگر کوئی بُرا خیال ہو تو اسے نکال دیناچاہئے تاکہ وہ دل میں گڑ نہ جائے۔ کیونکہ اگر گڑگیا تو پھر اس کا نکلنا مشکل ہوجائے گا۔ پھر اگر رات کوجان ہی نکل جائے تواس بدی کے خیال سے توبہ کرنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔ اس طرح نفس کو ڈرانا چاہئے۔ اورجب ایک دفعہ خیال نکل جائے گاتو پھر اس سے نجات مل جائے گی۔ غرض سوتے وقت نفس میں بُرے خیالات نہیں رہنے دینے چاہئیں۔ جب اس طرح دل کو پاک وصاف کر کے کوئی سوئے گا تو تہجد کے وقت اٹھنے کی اسے ضرور توفیق مل جائے گی‘‘۔
( ماخوذ از ’’ذکرالٰہی‘‘ انوار العلوم جلد 13 ،خطاب حضرت مصلح موعودؓ برموقع جلسہ سالانہ 1916 )
مکمل تحریر >>

Monday 20 February 2017

پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر، اہمیت اور مصداق



پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر، اہمیت اور مصداق


تحریرات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی روشنی میں (غلام مصباح بلوچ۔ استاذ جامعہ احمدیہ کینیڈا)
خدائے ذوالمنن و المجد نے اس زمانے میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو اسلام اور حضرت محمد مصطفی ﷺ کی صداقت کے جو نشان عطا فرمائے ان میں ایک بہت بڑا نشان پیشگوئی مصلح موعود ہے۔ اس پیشگوئی کا پس منظر کیا تھا؟ اس کی کتنی اہمیت اور عظمت ہے؟ اور اس پیشگوئی سے کون مراد ہے؟ ان تمام سوالوں کے جوابات اور تفصیل حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات میں موجود ہیں ۔


پیشگوئی کا پس منظر



حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کی عظیم الشان کتاب ’’براہین احمدیہ‘‘ کے منظر عام پر آنے سے ایک طرف عالم اسلام خوشیوں کی لہروں میں تھا اور دوسری طرف مخالفین اسلام میں ایک کھلبلی مچ گئی تھی۔ حضرت اقدس علیہ السلام نے اسی کتاب میں دنیا کو مخاطب کر کے یہ خوشخبری دی:

’’ پس خداوند تعالیٰ نے اس احقر عباد کو اس زمانہ میں پیدا کرکے اور صد ہا نشان آسمانی اور خوارق غیبی اور معارف و حقائق مرحمت فرما کر اور صدہا دلائل عقلیہ قطعیہ پر علم بخش کر یہ ارادہ فرمایا ہے کہ تا تعلیمات حقہ قرآنی کو ہر قوم اور ہر ملک میں شائع اور رائج فرماوے اور اپنی حجت ان پر پوری کرے ..... اور ہریک مخالف اپنے مغلوب اور لا جواب ہونے کا آپ گواہ ہوجائے۔‘‘ (براہین احمدیہ ، روحانی خزائن جلد 1 صفحہ 596,597 حاشیہ در حاشیہ)

اس نوید کا اعلان آپؑ نے نہ صرف ہندوستان میں کیا بلکہ مکتوبات کے ذریعے بیرون از ہندوستان بھی اس پیغام کو پہنچایا اور اپنی طاقت کے مطابق جہاں تک ہو سکا مخالفین اسلام پر اتمام حجت قائم کی۔ اب جبکہ اسلام کی حقانیت اور صداقت کا ڈنکا اطراف عالم میں بج رہا تھا اور ہر ایک مخالف کو اس کے زندہ نشانات دیکھنے کی دعوت عام تھی کہ اسی دوران 1885ء میں ساہوکاران و دیگر ہندو صاحبان قادیان کا ایک خط حضرت اقدس ؑ کی خدمت میں موصول ہوا جس میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا

’’جس حالت میں آپ نے لنڈن اور امریکہ تک اس مضمون کے رجسٹری شدہ خط بھیجے ہیں کہ جو طالب صادق ہو اور ایک سال تک ہمارے پاس آکر قادیان میں ٹھہرے تو خدائے تعالیٰ اس کو ایسے نشان دربارۂ اثبات حقیقت اسلام ضرور دکھائے گا کہ جو طاقت انسانی سے بالا تر ہوں۔ سو ہم لوگ جو آپ کے ہمسایہ اور ہمشہری ہیں، لندن اور امریکہ والوں سے زیادہ تر حق دار ہیں..... لیکن ہم لوگ ایسے نشانوں پر کفایت کرتے ہیں جن میں زمین و آسمان کے زیر و زبر کرنے کی حاجت نہیں اور نہ قوانین قدرتیہ کے توڑنے کی کچھ ضرورت ۔ ہاں ایسے نشان ضرور چاہئیں جو انسانی طاقتوں سے بالا تر ہوں جن سے یہ معلوم ہو سکے کہ وہ سچا اور پاک پرمیشر بوجہ آپ کی راست بازی دینی کے عین محبت اور کرپا کی راہ سے آپ کی دعاؤں کو قبول کر لیتا ہے اور قبولیت دعا سے قبل از وقوع اطلاع بخشتا ہے یا آپ کو اپنے بعض اسرار خاصہ پر مطلع کرتا ہے اور بطور پیشگوئی ان پوشیدہ بھیدوں کی خبر آپ کو دیتا ہے یا ایسے عجیب طور سے آپ کی مدد اور حمایت کرتا ہے جیسے وہ قدیم سے اپنے برگزیدوں اور مقربوں اور بھگتوں اور خاص بندوں سے کرتا آیا ہے..... اور سال جو نشانوں کے دکھانے کے لئے مقرر کیا گیا ہے وہ ابتدائے ستمبر 1885ء سے شمار کیا جاوے گا جس کا اختتام ستمبر1886ء کے اخیر تک ہو جائے گا۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 92-94)

اس خط کے آخر پر دس ہندو صاحبان کے نام درج ہیں۔ اس خط کے موصول ہونے پر حضرت اقدس علیہ السلام نے جوابًا تحریر فرمایا:

’’..... صاحبان ارسال کنندگان درخواست مشاہدہ خوارق۔بعد ما وجب۔ آپ صاحبوں کا عنایت نامہ جس میں آپ نے آسمانی نشانوں کے دیکھنے کے لئے درخواست کی ہے، مجھ کو ملا۔ چونکہ یہ خط سراسر انصاف و حق جوئی پر مبنی ہے اور ایک جماعت طالب حق نے جو عشرہ کاملہ ہے اس کو لکھا ہے اس لئے بہ تمام تر شکر گذاری اس کے مضمون کو قبول منظور کرتا ہوں اور آپ سے عہد کرتا ہوں کہ اگر آپ صاحبان ان عہود کے پابند رہیں گے کہ جو اپنے خط میں آپ لوگ کر چکے ہیں تو ضرور خدائے قادر مطلق جل شانہ کی تائید و نصرت سے ایک سال تک کوئی ایسا نشان آپ کو دکھلایا جائے گا جو انسانی طاقت سے بالاتر ہو۔ یہ عاجز آپ صاحبوں کے پُر انصاف خط کے پڑھنے سے بہت خوش ہوا.....‘‘۔(مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 95)

جیسا کہ حضرت اقدسؑ کے اس اشتہار سے ظاہر ہے آپؑ اُن ہندوؤں کے اس خط سے خوش تھے کہ اسلام کی صداقت میں نشان کا مطالبہ کیا گیا ہے چنانچہ حضور علیہ السلام نے اس مطالبہ کو لے کر اُسی واحد و لا شریک خدا کی طرف توجہ کی جس کی تائید و نصرت کے یقینی وعدوں سے اطلاع پاکر آپؑ نے اسلام کی سچائی کا اس دور میں اعلان کیا تھا، اور نہایت الحاح اور تضرع اور عجز سے اس نشان کے لیے دعائیں کیں۔ آپؑ نے کسی بھی قسم کے خلل سے بچنے اور دعاؤں میں مزید یکسوئی اور انہماک پیدا کرنے کے لیے خلوت اختیار کرنے کا ارادہ کیا اور اس مقصد کے لیے اپنے گھر بار اور رشتہ داروں سے دور ہوشیارپور میں اعتکاف فرمایا اور پورے تبتل اور انقطاع کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کیں۔ خدائے رحیم و کریم نے آپؑ کی اس تڑپ اور اسلام کی صداقت کے لیے اضطراب کو دیکھ کر آپ کو تسلی دی اور آپ کی دعاؤں کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے ایک عظیم الشان نشان کی خوشخبری دی جس کا اعلان کرتے ہوئے حضور علیہ السلام نے اپنے اشتہار 20 فروری 1886ء میں فرمایا:

’’مَیں تجھے ایک رحمت کا نشان دیتا ہوں اُسی کے موافق جو تُو نے مجھ سے مانگا۔ سو مَیں نے تیری تضرعات کو سُنا اور تیری دعاؤں کو اپنی رحمت سے بہ پایۂ قبولیت جگہ دی اور تیرے سفر کو (جو ہوشیارپور اور لدھیانہ کا سفر ہے) تیرے لئے مبارک کردیا۔ سو قدرت اور رحمت اور قربت کا نشان تجھے دیا جاتا ہے، فضل اور احسان کا نشان تجھے عطا ہوتا ہے اور فتح اور ظفر کی کلید تجھے ملتی ہے۔ اے مظفر تجھ پر سلام! خدا نے یہ کہا تا وہ جو زندگی کے خواہاں ہیں موت کے پنجے سے نجات پاویں اور وہ جو قبروں میں دبے پڑے ہیں باہر آویں اور تا دین اسلام کا شرف اور کلام اللہ کا مرتبہ لوگوں پر ظاہر ہو اور تا حق اپنی تمام برکتوں کے ساتھ آجائے اور باطل اپنی تمام نحوستوں کے ساتھ بھاگ جائے اور تا لوگ سمجھیں کہ مَیں قادر ہوں جو چاہتا ہوں سو کرتا ہوں اور تا وہ یقین لائیں کہ مَیں تیرے ساتھ ہوں اور تا انھیں جو خدا کے وجود پر ایمان نہیں لاتے اور خدا اور خدا کے دین اور اس کی کتاب اور اس کے پاک رسول محمد مصطفیٰ کو انکار اور تکذیب کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایک کھلی نشانی ملے اور مجرموں کی راہ ظاہر ہو جائے۔

سو تجھے بشارت ہو کہ ایک وجیہہ اور پاک لڑکا تجھے دیا جائے گا، ایک زکی غلام (لڑکا) تجھے ملے گا، وہ لڑکا تیرے ہی تخم سے تیری ہی ذریّت و نسل ہوگا۔ خوبصورت پاک لڑکا تمھارا مہمان آتا ہے اس کا نام عمانوایل اور بشیر بھی ہے، اُس کو مقدس رُوح دی گئی ہے اور وہ رجس سے پاک ہے اور وہ نور اللہ ہے۔ مبارک وہ جو آسمان سے آتا ہے، اس کے ساتھ فضل ہے جو اس کے آنے کے ساتھ آئے گا۔ وہ صاحب شکوہ اور عظمت اور دولت ہوگا، وہ دنیا میں آئے گا اور اپنے مسیحی نفس اور روح الحق کی برکت سے بہتوں کو بیماریوں سے صاف کرے گا۔ وہ کلمۃ اللہ ہے کیونکہ خدا کی رحمت و غیوری نے اُسے کلمہ تمجید سے بھیجا ہے۔ وہ سخت ذہین و فہیم ہوگا اور دل کا حلیم اور علومِ ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا اور وہ تین کو چار کرنے والا ہوگا (اس کے معنے سمجھ میں نہیں آئے) دوشنبہ ہے مبارک دوشنبہ۔ فرزند دلبند گرامی ارجمند۔ مظہر الاول و الآخر، مظہر الحق و العلاء کَاَنّ اللّٰہَ نَزَلَ مِنَ السَّمَآئ۔ جس کا نزول بہت مبارک اور جلال الٰہی کے ظہور کا موجب ہوگا۔ نور آتا ہے نور جس کو خدا نے اپنی رضامندی کے عطر سے ممسوح کیا۔ ہم اس میں اپنی روح ڈالیں گے اور خدا کا سایہ اس کے سر پر ہوگا۔ وہ جلد جلد بڑھے گا اور اسیروں کی رستگاری کا موجب ہوگا اور زمین کے کناروں تک شہرت پائے گا اور قومیں اس سے برکت پائیں گی۔ تب اپنے نفسی نقطہ آسمان کی طرف اٹھایا جائے گا۔ وَ کَانَ اَمْرًا مَّقْضِیًّا۔ ‘‘(مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 100-102)

اسی اشتہار میں حضور علیہ السلام نے اپنی نسل اور خاندان کے پھلنے اور پھولنے کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:

’’پھر خدائے کریم جل شانہ نے مجھے بشارت دے کر کہا کہ تیرا گھر برکت سے بھرے گا اور میں اپنی نعمتیں تجھ پر پوری کروں گا اور خواتین مبارکہ سے جن میں سے تو بعض کو اس کے بعد پائے گا تیری نسل بہت ہوگی اور میں تیری ذریت کو بہت بڑھاؤں گا اور برکت دوں گا مگر بعض ان میں سے کم عمری میں فوت بھی ہوں گے اور تیری نسل کثرت سے ملکوں میں پھیل جائے گی اور ہر یک شاخ تیرے جدّی بھائیوں کی کاٹی جائے گی اور وہ جلد لا ولد رہ کر ختم ہوجائے گی ، اگر وہ توبہ نہ کریں گے تو خدا ان پر بلا پر بلا نازل کرے گا یہاں تک کہ وہ نابود ہو جائیں گے ، ان کے گھر بیواؤں سے بھر جائیں گے اور ان کی دیواروں پر غضب نازل ہوگا لیکن اگر وہ رجوع کریں گے تو خدا رحم کے ساتھ رجوع کرے گا۔ خدا تیری برکتیں ارد گرد پھیلائے گا اور ایک اجڑا ہوا گھر تجھ سے آباد کرے گا اور ایک ڈراؤنا گھر برکتوں سے بھر دے گا۔ تیری ذریت منقطع نہیں ہوگی اور آخری دنوں تک سر سبز رہے گی خدا تیرے نام کو اس روز تک جو دنیا منقطع ہوجائے عزت کے ساتھ قائم رکھے گا اور تیری دعوت کو دنیا کے کناروں تک پہنچا دے گا۔ میں تجھے اٹھاؤں گا اور اپنی طرف بلالوں گا پر تیرا نام صفحہ زمین سے کبھی نہیں اٹھے گا اور ایسا ہوگا کہ سب وہ لوگ جو تیری ذلت کی فکر میں لگے ہوئے ہیں اور تیرے ناکام رہنے کے درپے اور تیرے نابود کرنے کے خیال میں ہیں وہ خود ناکام رہیں گے اور ناکامی و نامرادی میں مریں گے لیکن خدا تجھے بکلی کامیاب کرے گا اور تیری ساری مرادیں تجھے دے گا۔ مَیں تیرے خالص اور دلی محبوں کا گروہ بھی بڑھاؤں گا اور ان کے نفوس و اموال میں برکت دوں گا اور ان میں کثرت بخشوں گا اور وہ مسلمانوں کے اس دوسرے گروہ پر تا بروز قیامت غالب رہیں گے جو حاسدوں اور معاندوں کا گروہ ہے خدا انھیں نہیں بھولے گا اور فراموش نہیں کرے گا اور وہ علیٰ حسب الاخلاص اپنا اپنا اجر پائیں گے۔ تو مجھے ایسا ہے جیسے انبیاء بنی اسرائیل (یعنی ظلی طور پر ان سے مشابہت رکھتا ہے) تو مجھے ایسا ہے جیسی میری توحید۔ تو مجھ سے اور میں تجھ سے ہوں اور وہ وقت آتا ہے بلکہ قریب ہے کہ خدا بادشاہوں اور امیروں کے دلوں میں تیری محبت ڈالے گا یہاں تک کہ وہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے۔ اے منکرو اور حق کے مخالفو! اگر تم میرے بندہ کی نسبت شک میں ہو، اگر تمہیں اس فضل و احسان سے کچھ انکار ہے جو ہم نے اپنے بندہ پر کیا تو اس نشان رحمت کی مانند تم بھی اپنی نسبت کوئی سچا نشان پیش کرو اگر تم سچے ہو۔ اور اگر تم پیش نہ کر سکو اور یاد رکھو کہ ہرگز پیش نہ کر سکو گے تو اس آگ سے ڈرو کہ جو نافرمانوں اور جھوٹوں اور حد سے بڑھنے والوں کے لئے تیار ہے۔ فقط‘‘

اس اشتہار کے اگلے ہی ماہ حضور علیہ السلام نے ایک اور اشتہار 22مارچ 1886ء میں اس پیشگوئی کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے ایک اور وعدہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:

’’.... ایسا لڑکا بموجب وعدہ الٰہی9 برس کے عرصہ تک ضرور پیدا ہوگا خواہ جلد ہو خواہ دیر سے، بہرحال اس عرصہ کے اندر پیدا ہو جائے گا۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 113)

اس پیشگوئی پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے بعض حلقوں کی طرف سے اعتراض بھی کیے گئے لیکن حضور علیہ السلام نے بذریعہ اشتہار و مکاتیب ان کے جوابات دیے۔ حضرت اقدسؑ کی اس پیشگوئی کے فورًا بعد جو پیدائش ہوئی وہ ایک لڑکی صاحبزادی عصمت صاحبہ تھیں چنانچہ حضرت اقدس علیہ السلام پر اعتراضات کی نوعیت یہی تھی کہ پیشگوئی لڑکے کی تھی اور پیدا لڑکی ہوئی۔ لیکن اس سے زیادہ اس بات کا شور ڈالا گیا کہ گھر میں لڑکا پیدا ہوجانا کیا نشان ہوا؟ شادی کے بعد بچے ہونا یہی قانون قدرت ہے وغیرہ۔ لیکن پیشگوئی پر نظر ڈالنے سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نو سال کی میعاد کے اندر اندر ایک عظیم الشان بیٹے کی پیدائش کی خبر دی تھی اس کے علاوہ دیگر اولاد کی پیدائش کی نفی نہیں تھی کہ موعود بیٹے کے علاوہ اور کوئی بچہ پیدا نہیں ہوگا، نیز شادی کے بعد اولاد ہونا قانون قدرت ضرور ہے لیکن کوئی بھی فرد اپنے متعلق قبل از وقت اس کا حتمی دعویٰ نہیں کر سکتا یہاں تو نہ صرف بیٹے کی پیدائش کے الٰہی وعدے کا حتمی اعلان تھا بلکہ اولوالعزم اور عظیم المرتبت اور بے شمار خوبیوں والے بیٹے کا اعلان تھا جس کے ذریعے حضرت اقدس علیہ السلام کی زندگی کے بعد دین اسلام کی عظیم خدمت اور اُس کے دنیا میں پھیلنے کا بھی ذکر تھا۔ اور ’’وہ لڑکا تیرے ہی تخم سے تیری ہی ذریّت و نسل ہوگا‘‘ کے الفاظ منہ بولے بیٹے یا روحانی فرزند جیسے ہر قسم کے شائبہ اور وسوسے کو دور کرنے والے ہیں۔


بشیر اول کی پیدائش اور حضرت اقدسؑ کی وضاحت



پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد 7 اگست 1887ء کو حضرت اقدس علیہ السلام کے گھر میں بیٹا پیدا ہوا جس کا نام بشیر رکھا گیا۔ صاحبزادہ بشیر اول کے جنم سے قبل اس کے حمل کے دوران ہی حضور علیہ السلام نے اپنے ایک اشتہار8؍ اپریل 1886ء میں اس بات کا اعادہ کیا کہ:

’’ یہ ظاہر نہیں کیا گیا کہ جو اَب پیدا ہوگا یہ وہی لڑکا ہے یا وہ کسی اور وقت میں نو برس کے عرصہ میں پیدا ہوگا اور پھر بعد اس کے یہ بھی الہام ہوا کہ انھوں نے کہا کہ آنے والا یہی ہے یا ہم دوسرے کی راہ تکیں۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 117)

پھر صاحبزادہ بشیر اوّل کی پیدائش پر مولوی محمد حسین بٹالوی کے یہ پوچھنے پر کہ کیا یہ نو مولود وہی ہے جس کا پیشگوئی میں وعدہ ہے؟ حضور علیہ السلام نے جوابًا فرمایا:

’’طفل نو زاد کی نسبت میں نے کسی اخبار میں یہ مضمون نہیں چھپوایا کہ یہ وہی لڑکا ہے جس کی تعریف 20؍ فروری 1886ء کے اشتہارات میں مندرج ہے۔‘‘ (مکتوبات احمد جلد اول صفحہ 306 نیو ایڈیشن2008ء ۔قادیان)

مولوی محمد حسین بٹالوی کے نام ہی ایک اور مکتوب میں حضرت اقدس علیہ السلام اُن کی غلط فہمی کا ازالہ کرتے ہوئے پھر فرماتے ہیں:

’’اور پھر آپ اپنے خط میں تحریر فرماتے ہیں کہ گویا مجھے یہ الہام ہوا تھا کہ وہ لڑکا بہت قریب ہونے والا ہے آپ میرے اشتہار 8؍ اپریل 86ء کو دیکھ لیں ا س میں ’’وہ‘‘ کا لفظ نہیں بلکہ ایک کا لفظ ہے ۔‘‘ (مکتوبات احمد جلد اول صفحہ 308 نیو ایڈیشن 2008ئ۔ قادیان)


حضرت اقدسؑ کی نظر میں پیشگوئی کی اہمیت و عظمت



اُسی زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے وعدوں اور پیشگوئیوں پر مشتمل ایک رسالہ بنام ’’سراج منیر‘‘ لکھنے کا ارادہ فرمایا جس میں علاوہ اور پیشگوئیوں کے مولود بیٹے کی پیشگوئی کا ذکر کرنا بھی مقصود تھا۔ مولوی محمد حسین بٹالوی نے حضور علیہ السلام کے نام ایک خط میں یہ تجویز دی کہ اس موعود بیٹے کی پیشگوئی کو رسالہ سراج منیر میں درج نہ کیا جائے ۔ حضرت اقدس علیہ السلام نے جوابًا تحریر فرمایا:

’’اور جو آں مخدوم نے پہلے خط میں ذکر فرمایا تھا کہ پیشگوئی فرزند کو رسالہ میں درج کرنا مناسب نہیں۔ میں نے اب تک آپ کی خدمت میں اس وجہ سے اُس کا جواب نہیں لکھا کہ خدا تعالیٰ نے اس معاملہ میں میری رائے کو آپ کی رائے سے متفق نہیں کیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مجھ کو منجانب اللہ اس بارے میں اعلان و اشاعت کا حکم ہے اور جیسا کہ میرے آقا محسن نے مجھے ارشاد فرمایا ہے میں وہی کام کرنے کے لئے مجبور ہوں۔ مجھے اس سے کچھ کام نہیں کہ دنیوی مصلحت کا کیا تقاضا ہے اور نہ مجھے دنیا کی عزت و ذلّت سے کچھ سروکار ہے اور نہ اس کی کچھ پروا اور نہ اُس کا کچھ اندیشہ ہے۔ میں جانتا ہوں کہ جن باتوں کے شائع کرنے کے لئے میں مامور ہوں ہر چند یہ بدظنی سے بھرا ہوا زمانہ اُن کو کیسی ہی تحقیر کی نگاہ سے دیکھے لیکن آنے والا زمانہ اُس سے بہت سا فائدہ اٹھائے گا۔‘‘ (مکتوبات احمد جلد اول صفحہ 304,305 نیو ایڈیشن )

حضرت اقدس علیہ السلام کی اس استقامت اور استقلال کو دیکھ کر اور یہ جان کر کہ آپؑ اس پیشگوئی کو نکالنے پر راضی نہیں ، مولوی صاحب نے ایک اور خط ارسال کیا اور لکھا کہ ایسی پیشگوئیوں سے اسلام کو نفع نہیں اور مسلمانوں کی ہتک ہوگی۔ اور مولوی صاحب نے اس ہتک سے بچنے کے لیے اس دفعہ یہ مشورہ دیا کہ سراج منیر چھپوانے کا ارادہ ہی فی الوقت چھوڑ دیا جائے۔ حضرت اقدس علیہ السلام نے جوابًا فرمایا:

’’آپ فرماتے ہیں کہ سراج منیر میں اسی طور کی پیشگوئیاں ہیں تو میری رائے ہے کہ سراجِ منیر کا طبع کرانا موقوف رکھا جائے کیونکہ ایسی کتاب سے مسلمانوں کا کمال ہتک ہوگا۔ اس کی جواب میں عرض کرتا ہوں کہ بیشک سراجِ منیر میں اسی طرح کی پیشگوئیاں ہیں بلکہ سب سے بڑھ کر یہی پیشگوئی ہے مگر دوسرا فقرہ آپ کا کہ ایسی پیشگوئیوں سے مسلمانوں کا کمال ہتک ہوگا، فراست صحیحہ پر مبنی نہیں ہے اور آپ کا یہ قول کہ ’’مجھے صرف یہ خیال ہے کہ مسلمانوں کا زیادہ ہتک نہ ہو اور ان کا مال ناحق برباد نہ ہو۔‘‘ آپ کے اس قول سے ثابت ہوتا ہے کہ بیٹا پیدا ہونے سے مسلمانوں کا کسی قدر ہتک ہوگیا ہے اور آیندہ سراج منیر کے چھپنے سے اس سے زیادہ ہوگا۔ سو میں کہتا ہوں کہ اگر پیشگوئیوں کا سچائی سے ظہور میں آجانا مسلمانوں کے لئے موجب ہتک ہے تو جس قدر یہ ہتک ہو اتنا ہی تھوڑا ہے۔‘‘ (مکتوبات احمد جلد اول صفحہ 308,309 نیو ایڈیشن 2008ئ۔ قادیان)

پھر حضور علیہ السلام اپنے اشتہار محررہ 22 مارچ 1886ء میں بعض معترضین کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں:

’’ایک نادان بھی سمجھ سکتا ہے کہ مفہوم پیشگوئی کا اگر بنظر یکجائی دیکھا جاوے تو ایسا بشری طاقتوں سے بالا تر ہے جس کے نشان الٰہی ہونے میں کسی کو شک نہیں رہ سکتا اور اگر شک ہو تو ایسی قسم کی پیشگوئی جو ایسے ہی نشان پر مشتمل ہو پیش کرے۔ اس جگہ آنکھیں کھول کر دیکھ لینا چاہیئے کہ یہ صرف پیشگوئی ہی نہیں بلکہ ایک عظیم الشان نشان آسمانی ہے جس کو خدائے کریم جل شانہٗ نے ہمارے نبی کریم رؤف و رحیم محمد ﷺ کی صداقت و عظمت ظاہر کرنے کے لئے ظاہر فرمایا ہے اور در حقیقت یہ نشان ایک مردہ کے زندہ کرنے سے صدہا درجہ اعلیٰ و اولیٰ و اکمل و افضل و اتم ہے...... اس جگہ بفضلہ تعالیٰ و احسانہ و ببرکت حضرت خاتم الانبیاء صلے اللہ علیہ و آلہٖ وسلم خداوند کریم نے اس عاجز کی دعا کو قبول کرکے ایسی با برکت روح بھیجنے کا وعدہ فرمایا جس کی ظاہری و باطنی برکتیں تمام زمین پر پھیلیں گی.....‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 114,115)


بشیر اول کی وفات اور حضرت اقدسؑ کی حقّانی تقریر



مورخہ 4 نومبر 1888ء کو صاحبزادہ بشیر اول نے بقضائے الٰہی وفات پائی اور مخالفین کی طرف سے ایک طوفان بد تمیزی برپا کیا گیا۔ اس موقع پر حضرت اقدس علیہ السلام نے تمام نکتہ چینیوں کا جواب دیتے ہوئے ایک رسالہ ’’حقانی تقریر بر واقعہ وفات بشیر‘‘ شائع فرمایا جو سبز رنگ کے کاغذ پر شائع ہونے کہ وجہ سے بعد ازاں ’’سبز اشتہار‘‘ کے نام سے ہی مشہور ہوگیا۔ اس اشتہار میں حضرت اقدسؑ نے فرمایا:

’’جس قدر اس عاجز کی طرف سے اشتہار چھپے ہیں .... اُن میں سے کوئی شخص ایک ایسا حرف بھی پیش نہیں کر سکتا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہو کہ مصلح موعود اور عمر پانے والا یہی لڑکا تھا جو فوت ہوگیا ہے۔‘‘ (سبز اشتہار، روحانی خزائن جلد 2 صفحہ 448)

آپؑ مزید فرماتے ہیں:

’’یہ بھی یاد رہے کہ اگر ہم اس خیال کی بناء پر کہ الہامی طور پر ذاتی بزرگیاں پسر متوفی کی ظاہر ہوئی ہیں اور اس کا نام مبشر اور بشیر اور نور اللہ، صیب اور چراغ دین وغیرہ اسماء مشتمل کاملیت ذاتی اور روشنی فطرت کے رکھے گئے ہیں کوئی مفصل و مبسوط اشتہار بھی شائع کرتے اور اس میں بحوالہ اُن ناموں کے اپنی یہ رائے لکھتے کہ شاید مصلح موعود اور عمر پانے والا یہی لڑکا ہوگا۔ تب بھی صاحبانِ بصیرت کی نظر میں یہ اجتہادی بیان ہمارا قابل اعتراض نہ ٹھہرتا..... ‘‘۔ (سبز اشتہار، روحانی خزائن جلد 2 صفحہ 450,451)

اسی سبز اشتہار میں حضور علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی رحمت کے دو عظیم الشان طریقے بیان فرمائے ہیں، حضرت اقدسؑ کی یہ تحریر نہایت ہی فیصلہ کُن ہے۔ حضور علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’خدا تعالیٰ کی انزال رحمت اور روحانی برکت کے بخشنے کے لئے بڑے عظیم الشان دو طریقے ہیں۔

(1) اول یہ کہ کوئی مصیبت اور غم و اندوہ نازل کر کے صبر کرنے والوں پر بخشش اور رحمت کے دروازے کھولے جیسا کہ اس نے خود فرمایا ہے وَبَشِّرِالصّٰبِرِیْنَ۔ الَّذِیْنَ اِذَآ اَصَابَتْھُمْ مُّصِیْبَۃٌ قَالُوْآ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ اُوْلٰئِکَ عَلَیْہِمْ صَلَوٰتٌ مِّنْ رَّبِّھِمْ وَرَحْمَۃٌ۔ وَاُوْلٰئِکَ ھُمُ الْمُہْتَدُوْن۔ (سورۃ البقرہ : 155)

یعنی ہمارا یہی قانون قدرت ہے کہ ہم مومنوں پر طرح طرح کی مصیبتیں ڈالا کرتے تھے اور صبر کرنے والوں پر ہماری رحمت نازل ہوتی ہے اور کامیابی کی راہیں اُنھیں پر کھولی جاتی ہیں جو صبر کرتے ہیں۔

(2) دوسرا طریق انزال رحمت کا ارسال مرسلین و نبیین و ائمہ و اولیاء و خلفاء ہے تا اُن کی اقتداء و ہدایت سے لوگ راہ راست پر آ جائیں اور ان کے نمونہ پر اپنے تئیں بنا کر نجات پا جائیں۔ سو خدا تعالیٰ نے چاہا کہ اس عاجز کی اولاد کے ذریعہ سے یہ دونوں شق ظہور میں آ جائیں۔ پس اوّل اس نے قسم اول کے انزال رحمت کے لئے بشیر کو بھیجا تا بَشِّرِ الصَّابِرِیْن کا سامان مومنوں کے لئے طیار کر کے اپنی بشیریت کا مفہوم پورا کرے .....

اور دوسری قسم رحمت کی جو ابھی ہم نے بیان کی ہے اُس کی تکمیل کے لئے خدا تعالیٰ دوسرا بشیر بھیجے گا جیسا کہ بشیر اول کی موت سے پہلے 10؍ جولائی 1888ء کے اشتہار میں اس کے بارے میں پیشگوئی کی گئی ہے اور خدا تعالیٰ نے اس عاجز پر ظاہر کیا کہ ایک دوسرا بشیر تمھیں دیا جائے گا جس کا نام محمود بھی ہے وہ اپنے کاموں میں اولوالعزم ہوگا یخلق اللّٰہ ما یشائ۔‘‘ (سبز اشتہار، روحانی خزائن جلد 2 صفحہ 461-463حاشیہ)

یہ سبز اشتہار پیشگوئی مصلح موعود کو سمجھنے کے لیے ایک کنجی ہے، اسی سبز اشتہار میں اللہ تعالیٰ کی دو قسم کی رحمتوں کا ذکر کر کے حضورؑ کا یہ فرمانا کہ خدا تعالیٰ نے چاہا کہ اس عاجز کی اولاد کے ذریعہ سے یہ دونوں شق ظہور میں آ جائیں واضح بتاتا ہے کہ مصلح موعود کا وجود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اپنی جسمانی اولاد سے ہی آنا تھا نہ کہ آئندہ کسی زمانے میں روحانی اولاد کے طور پر۔ اور آنے والے بشیر کے متعلق حضور علیہ السلام نے یہ بھی فرما دیا کہ وہ مرسلین و نبیین و ائمہ و اولیاء و خلفاء کے مقام پر فائز ہوگا۔ اب مرسلین اور نبیین کے مقام پر تو خود حضرت اقدسؑ تھے لہذا اس موعود بیٹے نے ائمہ و اولیاء و خلفاء کے مقام پر ہونا تھا اور اسی کی پیروی کو حضور نے نجات پانا اور راہ راست پر آنا بتایا ہے۔


حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مبشر اولاد



پیشگوئی مصلح موعود حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کے دعویٰٔ مسیح موعود و مہدی معہود سے قبل کی ہے یعنی اُس زمانے کی ہے جبکہ ابھی حضور علیہ السلام نے مسیح و مہدی ہونے کا دعویٰ نہیں کیا تھا۔ اپنے اشتہار مورخہ 8اپریل 1886ء میں حضرت اقدس علیہ السلام نے یہ بھی فرمایا تھا کہ ’’یہ عاجز ایک بندہ ضعیف مولیٰ کریم جل شانہٗ کا ہے اس لئے اسی قدر ظاہر کرتا ہے جو منجانب اللہ ظاہر کیا گیا۔ آئندہ جو اس سے زیادہ منکشف ہوگا وہ بھی شایع کیا جاوے گا۔ والسَّلام علیٰ من اتَّبَعَ الھُدیٰ۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 117) چنانچہ اس کے بعد جب اللہ تعالیٰ نے بذریعہ وحی آپؑ کو مسیح و مہدی کے درجے پر فائز فرمایا تو اس پیشگوئی کی کڑیاں گزشتہ نوشتوں میں بھی موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسیح موعود کے متعلق بیان کردہ علامات میں ایک بہت بڑی علامت اُس کی شادی اور اولاد ہونا بھی بیان فرمائی ہے چنانچہ روایت میں آتا ہے:یَنْزِلُ عِیسَی ابنُ مَرْیَمَ اِلَی الأَرْضِ، فَیَتَزَوَّجُ وَ یُوْلَدُ لَہٗ۔ (مشکاۃ المصابیح کتاب الفتن باب نزول عیسیٰ علیہ السلام الفصل الثالث)

یعنی جب عیسیٰ بن مریم زمین پر نازل ہوں گے تو وہ شادی کریں گے اور اُن کی اولاد بھی ہوگی۔

انسان کا شادی کرنا اور اولاد ہونا یہ ایک قدرتی امر ہے لیکن آنحضرت ﷺ کا آنے والے مسیح کی شادی اور اولاد کے بارے میں بالخصوص پیشگوئی کرنا اس امر پر دلالت کرتا ہے کہ مسیح موعود کی شادی اور اولاد غیر معمولی اور بے شمار برکتوں اور فضائل کی حامل ہوگی اور یہ پیشگوئی بالکل اسی طرح ہی پوری ہوئی، ہر بچہ جو حضرت اقدس علیہ السلام کی حرم محترم حضرت سیدہ نصرت جہاں بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے پیدا ہوا الٰہی بشارتوں کے تحت پیدا ہوا۔ حضرت اقدس علیہ السلام اپنی ایک نظم میں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں:


خدایا تیرے فضلوں کو کروں یاد

بشارت تُونے دی اور پھر یہ اولاد

کہا ہرگز نہیں ہوں گے یہ برباد

بڑھیں گے جیسے باغوں میں ہوں شمشاد

خبر مجھ کو یہ تُونے بارہا دی

فَسُبْحَانَ الَّذِی اَخْزَی الْاَعَادِی

مری اولاد سب تیری عطا ہے

ہر اک تیری بشارت سے ہوا ہے

یہ پانچوں جو کہ نسلِ سیدہ ہے

یہی ہیں پنج تن جِن پر بنا ہے

یہ تیرا فضل ہے اے میرے ہادی

فَسُبْحَانَ الَّذِی اَخْزَی الْاَعَادِی

دیے تُو نے مجھے یہ مہر و مہتاب

یہ سب ہیں میرے پیارے تیرے اسباب

دکھایا تُونے وہ اے ربِّ ارباب

کہ کم ایسا دکھا سکتا کوئی خواب

یہ تیرا فضل ہے اے میرے ہادی

فَسُبْحَانَ الَّذِی اَخْزَی الْاَعَادِی

بشارت دی کہ اک بیٹا ہے تیرا

جو ہوگا ایک دن محبوب میرا

کروں گا دُور اُس مَہ سے اندھیرا

دکھاؤں گا کہ اک عالَم کو پھیرا

بشارت کیا ہے اک دل کی غذا دی

فَسُبْحَانَ الَّذِی اَخْزَی الْاَعَادِی

مری ہر بات کو تُونے جِلا دی

مِری ہر روک بھی تُونے اٹھادی

مری ہر پیش گوئی خود بنادی

تَریٰ نَسْلًا بَعِیْدًا بھی دکھا دی

جو دی ہے مُجھ کو وہ کس کو عطا دی

فَسُبْحَانَ الَّذِی اَخْزَی الْاَعَادِی


اسی طرح اور جگہوں پر بھی حضور علیہ السلام نے اپنی صداقت کے نشانوں میں اپنی مبشر اولاد کو بھی رکھا ہے لیکن ہر جگہ پر آپؑ نے اُس موعود بیٹے کی الگ تخصیص فرمائی ہے جیسا کہ اوپر کی نظم سے بھی ظاہر ہے، پہلے اپنی ساری اولاد کا عمومی ذکر کرتے ہوئے فرمایا:


یہ پانچوں جو کہ نسلِ سیدہ ہے

یہی ہیں پنج تن جِن پر بنا ہے


اور پھر اُس موعود بیٹے کی پیشگوئی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا ؎


بشارت دی کہ اک بیٹا ہے تیرا

جو ہوگا ایک دن محبوب میرا



پیشگوئی کا مصداق



حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی تحریرات میں مختلف جگہوں پر اپنی مبشر اولاد کا ذکر فرمایا ہے اور ہر بیٹے یا بیٹی کے متعلق اس کی ولادت سے قبل اس کی ولادت کے متعلق کتاب یا اشتہار کا حوالہ دیا ہے لیکن سبز اشتہار میں جس بیٹے کی ولادت کی خبر کا ذکر ہے اُس کا مصداق ہمیشہ حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد صاحب رضی اللہ عنہ کو قرار دیا ہے۔ اس کے ثبوت میں درج ذیل حوالے پیش ہیں:

حضور علیہ السلام اپنی کتاب ’’سراج منیر‘‘ میں اپنی سچی پیشگوئیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

’’پانچویں پیشگوئی میں نے اپنے لڑکے محمود کی پیدائش کی نسبت کی تھی کہ وہ اب پیدا ہوگا اور اس کا نام محمود رکھا جائے گا اور اس پیشگوئی کی اشاعت کے لئے سبز ورق کے اشتہار شائع کئے گئے تھے جو اَب تک موجود ہیں اور ہزاروں آدمیوں میں تقسیم ہوئے تھے۔ چنانچہ وہ لڑکا پیشگوئی کی میعاد میں پیدا ہوا اور اب نویں سال میں ہے۔‘‘ (سراج منیر، روحانی خزائن جلد 12 صفحہ 36 )

کتاب سراج منیر کی اسی تحریر کے حاشیہ میں حضورؑ مزید فرماتے ہیں: ’’..... سبز اشتہار میں صریح لفظوں میں بلا توقف لڑکا پیدا ہونے کا وعدہ تھا، سو محمود پیدا ہوگیا۔ کس قدر یہ پیشگوئی عظیم الشان ہے اگر خدا کا خوف ہے تو پاک دل کے ساتھ سوچو!‘‘

اپنی کتاب ’’انجام آتھم‘‘ میں بھی اپنے نشانوں کا ذکر کرتے ہوئے حضورؑ فرماتے ہیں:

’’پھر ایک اور نشان یہ ہے جو یہ تین لڑکے جو موجود ہیں، ہر ایک کے پیدا ہونے سے پہلے اس کے آنے کی خبر دی گئی ہے چنانچہ محمود جو بڑا لڑکا ہے اس کی پیدائش کی نسبت اس سبز اشتہار میں صریح پیشگوئی معہ محمود کے نام کے موجود ہے جو پہلے لڑکے کی وفات کے بارے میں شائع کیا گیا تھا جو رسالہ کی طرح کئی ورق کا اشتہار سبز رنگ کے ورقوں پر ہے۔ اور بشیر جو درمیانی لڑکا ہے اس کی خبر ایک سفید اشتہار میں موجود ہے جو سبز اشتہار کے تین سال بعد شائع کیا گیا تھا اور شریف جو سب سے چھوٹا لڑکا ہے اس کے تولد کی نسبت پیشگوئی ضیاء الحق اور انوار الاسلام میں موجود ہے۔‘‘ (ضمیمہ انجام آتھم، روحانی خزائن جلد 11 صفحہ 299 )

اسی طرح حضرت اقدسؑ اپنی کتاب ’’سر الخلافہ‘‘ میں فرماتے ہیں:

ترجمہ: اور میں تیرے سامنے ایک عجیب و غریب قصہ اور حکایت بیان کرتا ہوں کہ میرا ایک چھوٹا بیٹا تھا جس کا نام بشیر تھا، اللہ تعالیٰ نے اسے شیر خواری میں ہی وفات دے دی.... تب اللہ تعالیٰ نے مجھے الہامًا بتایا کہ ہم اسے از راہ احسان تمہارے پاس واپس بھیج دیں گے۔ ایسا ہی اس بچے کی والدہ نے رؤیا میں دیکھا کہ بشیر آگیا ہے اور کہتا ہے کہ میں آپ سے نہایت محبت کے ساتھ ملوں گا اور جلد جدا نہ ہوں گا۔ اس الہام و رؤیا کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے دوسرا فرزند عطا فرمایا تب میں نے جان لیا کہ یہ وہی بشیر ہے اور خدا تعالیٰ اپنی خبر میں سچا ہے چنانچہ میں نے اس بچے کا نام بشیر ہی رکھا اور مجھے اس کے جسم میں بشیر اول کا حلیہ دکھائی دیتا ہے۔ پس اللہ تعالیٰ کی سنت رؤیا کے ذریعہ ثابت ہوگئی کہ وہ دو بندوں کو ایک ہی نام کا شریک بناتا ہے۔ (سرالخلافہ، روحانی خزائن جلد 8 صفحہ 381)

سبز اشتہار کے حوالے سے ہی اپنے بیٹے حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد صاحب کی ولادت کا ذکر کرتے ہوئے حضور اقدسؑ اپنی کتاب ’’تریاق القلوب‘‘ میں فرماتے ہیں:

’’میرا پہلا لڑکا جو زندہ موجود ہے جس کا نام محمود ہے ابھی وہ پیدا نہیں ہوا تھا جو مجھے کشفی طور پر اس کے پیدا ہونے کی خبر دی گئی اور میں نے مسجد کی دیوار پر اس کا نام لکھا ہوا یہ پایا کہ محمود۔ تب میں نے اس پیشگوئی کے شائع کرنے کے لئے سبز رنگ کے ورقوں پر ایک اشتہار چھاپا جس کی تاریخ اشاعت یکم دسمبر1888ء ہے۔‘‘ (تریاق القلوب، روحانی خزائن جلد 15 صفحہ 214)

تریاق القلوب میں ہی حضورؑ نے ایک اور جگہ فرمایا:

’’محمود جو میرا بڑا بیٹا ہے اس کے پیدا ہونے کے بارے میں اشتہار دہم جولائی 1888ء میں اور نیز اشتہار یکم دسمبر 1888ء میں جو سبز رنگ کے کاغذ پر چھاپا گیا تھا پیشگوئی کی گئی اور سبز رنگ کے اشتہار میں یہ بھی لکھا گیا کہ اس پیدا ہونے والے لڑکے کا نام محمود رکھا جائے گا اور یہ اشتہار محمود کے پیدا ہونے سے پہلے ہی لاکھوں انسانوں میں شائع کیا گیا۔ چنانچہ اب تک ہمارے مخالفوں کے گھروں میں صدہا یہ سبز رنگ اشتہار پڑے ہوئے ہوں گے اور ایسا ہی دہم جولائی 1888ء کے اشتہار بھی ہر ایک کے گھر میں موجود ہوں گے۔ پھر جب کہ اس پیشگوئی کی شہرت بذریعہ اشتہارات کامل درجہ پر پہنچ چکی اور مسلمانوں اور عیسائیوں اور ہندوؤں میں سے کوئی بھی فرقہ باقی نہ رہا جو اس سے بے خبر ہو تب خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم سے 12؍ جنوری 1889ء کو مطابق 9؍ جمادی الاوّل 1306ھ میں بروز شنبہ محمود پیدا ہوا۔‘‘ (تریاق القلوب، روحانی خزائن جلد 15 صفحہ 219)

اپنی تصنیف لطیف حقیقۃ الوحی میں بھی سبز اشتہار کے مصداق کو بیان فرمایا ہے، حضورؑ فرماتے ہیں:

’’ایسا ہی جب میرا پہلا لڑکا فوت ہوگیا تو نادان مولویوں اور اُن کے دوستوں اور عیسائیوں اور ہندوؤں نے اُس کے مرنے پر بہت خوشی ظاہر کی اور بار بار اُن کو کہا گیا کہ 20؍ فروری 1886ء میں یہ بھی ایک پیشگوئی ہے کہ بعض لڑکے فوت بھی ہوں گے۔ پس ضرور تھا کہ کوئی خوردسالی میں فوت ہو جاتا تب بھی وہ لوگ اعتراض سے باز نہ آئے تب خدا تعالیٰ نے ایک دوسرے لڑکے کی مجھے بشارت دی چنانچہ میرے سبز اشتہار کے ساتویں صفحہ میں اُس دوسرے لڑکے کے پیدا ہونے کے بارے میں یہ بشارت ہے دوسرا بشیر دیا جائے گا جس کا دوسرا نام محمود ہے وہ اگرچہ اب تک جو یکم ستمبر 1888ء ہے پیدا نہیں ہوا مگر خدا تعالیٰ کے وعدہ کے موافق اپنی میعاد کے اندر ضرور پیدا ہوگا زمین آسمان ٹل سکتے ہیں پر اُس کے وعدوں کا ٹلنا ممکن نہیں۔ یہ ہے عبارت اشتہار سبز کے صفحہ سات کی جس کے مطابق جنوری 1889ء میں لڑکا پیدا ہوا جس کا نام محمود رکھا گیا اور اب تک بفضلہ تعالیٰ زندہ موجود ہے اور سترھویں سال میں ہے۔‘‘ (حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد 22 صفحہ 373, 374 )

کتاب حقیقۃ الوحی میں ہی حضور علیہ السلام نے چونتیسویں (34) نشان میں سبز اشتہار کا حوالہ دے کر حضرت صاحبزادہ مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحب کی پیدائش کا ذکر یوں فرمایا ہے:

’’..... میں نے ایک سبز رنگ اشتہار میں ہزارہا موافقوں اور مخالفوں میں یہ پیشگوئی شائع کی اور ابھی ستر دن پہلے لڑکے کی موت پر نہیں گزرے تھے کہ یہ لڑکا پیدا ہوگیا اور اس کا نام محمود احمد رکھا گیا۔‘‘ (حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد 22 صفحہ 227)

شروع میں یہ ذکر کیا جا چکا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سبز اشتہار میں اللہ تعالیٰ کی دو قسم کی رحمتوں کا ذکر فرمایا ہے، قسم اول کا مصداق بشیر اول مرحوم کو قرار دیا اور رحمت الٰہی کی دوسری قسم (یعنی ارسال مرسلین و نبیین و ائمہ و اولیاء و خلفاء )کے لیے دوسرے بشیر دیے جانے کا اعلان فرمایا جس کا دوسرا نام محمود بتایا۔ اور یہ بات بھی واضح ہے کہ حضور علیہ السلام نے اپنے ایک ہی بیٹے کا نام بشیر اور محمود رکھا اور کسی بیٹے کا نام محمود نہیں رکھا۔ پس سبز اشتہار میں اسی بشیر اور محمود کو حضورؑ نے اولوالعزم قرار دیا ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسی موعود بیٹے کے ضمن میں بعض اور جگہوں پر بھی اس کا ذکر فرمایا ہے`مثلًا حضور علیہ السلام اپنی کتاب ’’آئینہ کمالات اسلام‘‘ میں اسی مصلح موعود والی پیشگوئی کا ذکر کر کے نیچے حاشیے میں تحریر فرماتے ہیں:

ترجمہ: آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم یہ خبر دے چکے ہیں کہ جب مسیح موعود آئے گا تو وہ شادی کرے گا اور اُس کے ہاں اولاد بھی ہوگی۔ اس میں اِس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اُس (مسیح موعود) کو ایک ایسا صالح بیٹا دے گا جو اپنے باپ کے مشابہ ہوگا اور اپنے باپ کے خلاف نہیں کرے گا اور وہ اللہ تعالیٰ کے معزز بندوں میں سے ہوگا۔ اور اس میں راز یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ انبیاء اور اولیاء کو جب بھی ذریت یا نسل کی بشارت دیتا ہے تو صرف تبھی دیتا ہے جب اُس خدا نے نیک اولاد دینا مقدر کر لیا ہوتا ہے۔ اور یہ (موعود بیٹے کی) بشارت وہ ہے جس کی خوشخبری مجھے کئی سال پہلے دے دی گئی تھی اور اپنے دعویٰ (مسیح و مہدی) سے بھی پہلے۔ (آئینہ کمالات اسلام، روحانی خزائن جلد 5 صفحہ 578حاشیہ)

پھر حضورعلیہ السلام اپنی کتاب ’’اعجاز المسیح‘‘ میں فرماتے ہیں:

ترجمہ: اور جب ہم (مراد حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔ ناقل) اس دنیا سے رخصت ہو جائیں گے تو پھر ہمارے بعد قیامت تک کوئی اور مسیح نہیں آئے گا اور نہ ہی کوئی آسمان سے اُترے گا اور نہ ہی کوئی غار سے نکلے گا سوائے اُس موعود لڑکے کے جس کے بارہ میں پہلے سے میرے رب کے کلام میں ذکر آ چکا ہے۔ (اعجاز المسیح، روحانی خزائن جلد 18 صفحہ 73)

اور اس کے حاشیہ میں حضور ؑ نے پھر فَیَتَزَوَّجُ وَ یُوْلَدُ لَہ والی حدیث کا حوالہ دیا ہے۔

حضور علیہ السلام کا اپنے موعود بیٹے والی پیشگوئی کو آنحضرت ﷺ کی حدیث فَیَتَزَوَّجُ وَ یُوْلَدُ لَہ سے جوڑنا ثابت کرتا ہے کہ یہ بیٹا جسمانی اولاد میں سے ہونا مقدر تھا `اگر آئندہ کسی زمانے میں روحانی طور پر کسی اور بیٹے کا ذکر ہوتا تو پھر اس پیشگوئی کو اس حدیث سے جوڑنے کی ضرورت نہیں تھی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی کتاب ’’الوصیت‘‘ میں قدرت ثانیہ یعنی خلافت کی پیشگوئی کر کے فرمایا ہے کہ ’’اور چاہیے کہ جماعت کے بزرگ جو نفس پاک رکھتے ہیں میرے نام پر میرے بعد لوگوں سے بیعت لیں‘‘ (رسالہ الوصیت، روحانی خزائن جلد 20 صفحہ 306)اسی تحریر کے حاشیے میں حضور علیہ السلام فرماتے ہیں):

’’خدا نے مجھے خبر دی ہے کہ مَیں تیری جماعت کے لئے تیری ہی ذریت سے ایک شخص کو قائم کروں گا اور اُس کو اپنے قرب اور وحی سے مخصوص کروں گا اور اس کے ذریعہ سے حق ترقی کرے گا اور بہت سے لوگ سچائی کو قبول کریں گے سو اُن دنوں کے منتظر رہو اور تمہیں یاد رہے کہ ہر ایک کی شناخت اُس کے وقت میں ہوتی ہے اور قبل از وقت ممکن ہے کہ وہ معمولی انسان دکھائی دے یا بعض دھوکہ دینے والے خیالات کی وجہ سے قابل اعتراض ٹھہرے جیسا کہ قبل از وقت ایک کامل انسان بننے والا بھی پیٹ میں صرف ایک نطفہ یا علقہ ہوتا ہے۔‘‘ (رسالہ الوصیت، روحانی خزائن جلد 20 صفحہ 306 حاشیہ)

جیسا کہ سبز اشتہار میں حضور علیہ السلام نے اس بشیرؔ ثانی اور محمودؔ کو ’’مرسلین و نبیین و ائمہ و اولیاء و خلفائ‘‘ کی رحمت کا وارث قرار دیا تھا ایسا ہی رسالہ الوصیت میں اس بات کا ذکر کر کے کہ ’’میں خدا کی ایک مجسم قدرت ہوں اور میرے بعد بعض اور وجود ہوں گے جو دوسری قدرت کا مظہر ہوں گے‘‘ قدرت ثانیہ کے مظہر اُن وجودوں میں اپنے اُس موعود بیٹے کو بھی شامل فرمایا چنانچہ انہی پیشگوئیوں کے مطابق قدرت ثانیہ کے مظہر اوّل حضرت حکیم مولانا نور الدین صاحب بھیروی رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس ؑ کی ذریّت سے اُس موعود بیٹے یعنی بشیر ثانی کو ہی قدرت ثانیہ کے مظہر ثانی کے طور پر منتخب فرمایا۔ اور جیسا کہ حضرت اقدس علیہ السلام نے فرمایا تھا ’’ ہر ایک کی شناخت اُس کے وقت میں ہوتی ہے‘‘ چنانچہ آنے والے وقت نے ثابت کر دیا کہ وہی مرزا بشیر الدین محمود احمد ہی المصلح الموعود ہے اور جو جو علامتیں پیشگوئی مصلح موعود میں اللہ تعالیٰ نے بیان فرمائی تھیں وہ ایک ایک کرکے سب کی سب حضرت صاحبزادہ مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحب رضی اللہ عنہ کی ذات میں پوری ہوئیں۔

1906ء میں حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر الدین محمود احمد صاحب المصلح الموعود رضی اللہ عنہ ایک خانگی معاملے کے سلسلے میں لاہور تشریف لے گئے، اس موقع پر منشی محبوب عالم ایڈیٹر اخبار ’’پیسہ‘‘ نے صاحبزادہ صاحب کی لاہور آمد کے متعلق خبر دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا:

’’بڑا لڑکا باوجود یکہ صاحب اولاد ہے مگر معلوم ہوا ہے کہ مڈل فیل ہوچکا ہے اگر مرزا جی کے بعد یہی لڑکے ان کے گدی کے وارث بنے تو خوب مذہب چلائیں گے۔‘‘ (بحوالہ اخبار الحکم 17جولائی 1906ء صفحہ 2 کالم4)

پیسہ اخبار کی اس اخبار نویسی کا جواب اُسی وقت ایڈیٹر اخبار الحکم حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی صاحب رضی اللہ عنہ نے اپنے اخبار میں دے دیا تھا۔ لیکن ایک جواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیا جانا ابھی باقی تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اُسی لڑکے کو جس کے متعلق یہ کہا گیا تھا کہ ’’ اگر مرزا جی کے بعد یہی لڑکے ان کے گدی کے وارث بنے تو خوب مذہب چلائیں گے‘‘ جماعت احمدیہ کا دوسرا خلیفہ بنا کے دنیا کو دکھا دیا کہ اُسی کے ذریعے احمدیت کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچا ۔ اُسی کے وجود سے قوموں نے برکت پائی۔ اُسی کے وجود سے دین اسلام کا شرف اور کلام اللہ کا مرتبہ لوگوں پر ظاہر ہوا۔ اُسی کے مسیحی نفس اور روح القدس کی برکت سے بہتوں نے بیماریوں سے نجات پائی۔ اُسی کی سخت ذہانت و فہم سے ایک عالم نے فائدہ اٹھایا اور بہت سے اسیروں کی رستگاری کا موجب ہوا۔ وہ لڑکا معاندین اور متعصبین کی مخالفت، بد دعاؤں، بد زبانیوں، تعصبات اور فتنوں کے باوجود جلد جلد بڑھا اور زمین کے کناروں تک شہرت پاگیا۔ حضرت اقدس علیہ السلام کی یہ بات کتنی صفائی سے پوری ہوئی کہ

’’مَیں جانتا ہوں کہ جن باتوں کے شائع کرنے کے لئے میں مامور ہوں ہر چند یہ بدظنی سے بھرا ہوا زمانہ اُن کو کیسی ہی تحقیر کی نگاہ سے دیکھے لیکن آنے والا زمانہ اُس سے بہت سا فائدہ اٹھائے گا۔‘‘ (مکتوبات احمد جلد اول صفحہ 304,305 نیو ایڈیشن )

اے خدا کے برگزیدہ مسیح اور مہدی! تجھ پر ہزاروں رحمتیں اور ہزاروں سلام کہ ہم نے تیری بتائی ہوئی علامات کے مطابق اُس مصلح موعود کو پہچانا اور اُس کی ذات بابرکات سے بہت سا فائدہ اٹھایا اور نجات اور فلاح کی راہوں پر اطلاع پائی۔
مکمل تحریر >>

Sunday 12 February 2017

حضرت مصلح موعود کی سیرت طیبہ کے چند پہلو ۔ واقعات کی روشنی میں



حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت طیبہ کے چند پہلو ۔ واقعات کی روشنی میں
(مکرم مبشر احمد خالد صاحب مربی سلسلہ)

حضرت مصلح موعود کی ولادت باسعادت اﷲ تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق حضرت مسیح موعود علیہ السلا م کی پیشگوئی کے نتیجہ میں ہوئی۔ جس میں خود اﷲ تعالیٰ نے حضرت مصلح موعود کی باون صفات بتائی ہیں۔ جو آپ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلو اور عناوین بنتے ہیں۔
دراصل پیشگوئی مصلح موعود میں کسی انفرادی عظمت کے حامل ایک عظیم ہیرو کی پیدائش کا ذکر نہیں بلکہ اس میں ایک ایسے مذہبی راہنما کی پیدائش کی خبر دی گئی تھی جسے اس زمانہ کی ایک مذہبی و روحانی تحریک کا روح رواں بننا تھا اور جس کی تمام قوتیں اور فطری استعدادیں اُس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے وقف ہو جانا تھیں اور جس نے اپنی ہمعصر دُنیا میں ہی نہیں بلکہ بعد کی دنیا میں بھی ایک بُلند اور درخشندہ نام اور وسعت پذیر کام اپنے پیچھے چھوڑنا تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے زندگی کے ہر شعبہ میں وہ کارہائے نمایاں سر انجام دیئے جو رہتی دنیا تک مشعلِ راہ کا کام دیں گے۔ پس ایسے انسان کی سیرتِ طیبہ کو صرف ایک مضمون میں بیان کرنا ناممکن امر ہے۔
حضرت فضلِ عمر جن بہترین اخلاق و عادات کے حامِل اور جن اعلیٰ صفات اور فضائل و محاسِن کے مالک تھے وہ اِتنے زیادہ اور اِس کثرت کے ساتھ ہیں کہ حضور کا سوانح نگار اُن کو اگر لکھنے بیٹھے تو اُس کے سامنے بِلا شُبہ حالات و واقعات کا ایک اَنبارِ عظیم ہو گاجن کے انتخاب میں اُسے بہت زیادہ مشکل اور دقت پیش آئے گی۔
قدرت نے بہت ہی فیاضی کے ساتھ آپ کو مختلف استعدادیں عطا فرمائیں اور ایسی عظیم الشان قابلیتوں اور لیاقتوں سے نوازا تھا جو بے نظیر اور بے عدیل تھیں۔ 
حضرت چوہدری سر محمد ظفراﷲ خان صاحب حضورِ انور ، مصلح موعود کی سیرتِ طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’آپ کا خلق خلقِ محمدی کا ظلّ اور عکس تھا۔ اس لئے بھی کہ محمد صلی اﷲ علیہ وسلم بنی نوع انسان کے لئے اسوۂ حسنہ تھے اور اس لئے بھی کہ آپ مثیلِ مسیح موعود ہونے کے لحاظ سے حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ مشابہت تامہ رکھتے تھے۔ خلقِ محمدی ؐ کے بعض پہلوؤں کو قرآن کریم میں یوں بیان فرمایا گیا ہے:
عزیزٌ علیہ ما عنتم حریصٌ علیکم بالمؤمنین رؤفٌ رحیم۔
یعنی بہت ہی شاق ہے اِس ہمارے رسول ؐ پر کہ تم لوگ کسی تکلیف میں مبتلا ہو ۔ یہ ہمارے رسول ؐ تمہاری بھلائی اور بہتری کے حد درجہ خواہاں ہیں اور آرزو مند ہیں اور ان کے لئے کوشاں رہتے ہیں اور مومنوں کے ساتھ ان کا سلوک نہایت شفقت اور رحمت کا ہے۔ اِس خلق کا وافر نمونہ ہم نے حضرت مثیلِ مسیح موعود میں دیکھا اور اس کے مورد رہے۔
حضور ماں باپ سے بڑھ کر شفیق تھے۔ اس شفقت کا چشمہ ہر وقت اور ہر کَس کے لئے جاری تھا لیکن جن لوگوں نے تقسیمِ ملک کے دوران میں اور پھر ۱۹۵۳ء کے ہنگامے کے دوران میں حضور کی بے چینی اور بے قراری کو دیکھا اور حضور کی شفقت اور غم خواری کا مشاہدہ کیا وہ اس چشمے کے جوش اور گہرائی کا کچھ اندازہ کر سکتے ہیں۔
افراد کی بہتری اور بھلائی اور جماعت کی مضبوطی اور ترقی کا کوئی پہلو آپ کی نظر سے اوجھل نہ تھا اور یہ سب امور دن رات آپ کی توجہ کے جاذب رہتے تھے۔
آپ کی شفقت اور رحمت کے سمندر کا کنارا نہیں تھا۔ ایک طرف ان کا پیہم عملی اظہار اور دوسری طرف بارگاہِ ایزدی میں مسلسل فریاد اور التجا۔ اگر دن کا اکثر حصّہ خدمت اور ترقی اور بہبودی کی تدبیروں اور منصوبوں میں گزرتا تو رات کا اکثر حصّہ دعاؤں میں صرف ہوتا‘‘۔ 
(روزنامہ الفضل مؤرخہ ۱۷؍جون ۱۹۶۶ء صفحہ ۳)
اب ذیل میں حضرت مصلح موعود کی سیرتِ طیبہ پر مبنی چند واقعاتی نمونے پیش کئے جاتے ہیں:

عشقِ الٰہی

دسمبر ۱۹۹۰ء کو مجلس عاملہ خدا م الاحمدیہ پاکستان کے ساتھ ایک ملاقات میں محترم صاحبزادہ مرزا مظفر احمد صاحب نے دوران گفتگو حضرت مصلح موعود کے دو ایمان افروز چشمدید واقعات سنائے۔
حضرت مصلح موعود کی حیات مقدسہ کے یہ دو واقعات محض واقعات ہی نہیں ہمارے لئے ایک درس ہیں اور ایک قابل تقلید نمونہ ہیں۔ ہم وہ واقعات اپنے الفاظ میں ہدیہ قارئین کرتے ہیں۔
حضرت مصلح موعود کے بارے میں صاحبزادہ صاحب نے اپنے ذاتی واقعات سناتے ہوئے فرمایا کہ ایک دفعہ کا میں رات کو سویا ہوا تھا۔ حضرت مصلح موعود کی باری امّ ناصر کے ہاں تھی۔ آدھی رات کو اچانک بڑے ہی دردناک رونے کی آواز سے میری آنکھ کُھل گئی۔ میں خوف سے سہم گیا کہ خدایا کیا ہوا ہے؟ کیونکہ کسی کے رونے کی بڑی دردناک آواز آرہی تھی۔ کچھ دیر بعد مجھے اندازہ ہوا کہ یہ تو حضرت خلیفۃ المسیح الثانی کی آواز ہے۔ تب میں نے دیکھا کہ آپ تہجد کی نماز ادا کر رہے تھے اور بڑے ہی کرب سے درد اور الحاح سے دعا کر رہے تھے اور ایسے رو رہے تھے جیسے ہنڈیا ابل رہی ہو۔
صاحبزادہ صاحب فرمانے لگے کہ بلا مبالغہ میں آدھ گھنٹہ تک جاگتا رہا اور حضور اتنے درد سے رو رو کر ایک ہی فقرہ ’’اھدنالصراط المستقیم‘‘ بار بار دہرارہے تھے۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۱۱)

عشقِ قرآن

صاحبزادہ صاحب نے حضرت مصلح موعود کے بارے میں ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک روز حضرت مصلح موعود گھر کے دالان میں ٹہل رہے تھے اور ہم بچے بھی گھر میں موجود تھے۔ آپ نے ہمیں بلایا اور فرمانے لگے کہ قرآن ایک بہت بڑا خزانہ ہے۔ جیسے سمندر میں غوطہ خور غوطہ مارتا ہے تو جو بہت محنت کرتاہے وہ موتی نکال کر لے آتا ہے اور جوتھوری محنت کرتا ہے وہ موتی نہیں تو سیپی ہی نکال لاتا ہے۔ اسی طرح تمہیں ابھی سے قرآن کریم پر غور و فکر اور تدبر کی عادت ڈالنی چاہیئے اور موتی نہیں تو سیپی ہی نکال کے لے آؤ۔ مگر تدبر کی عادت ضرور ڈالو۔ اس واقعہ سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ حضور کو قرآن سے کس قدر عشق تھا اور آپ کس طرح بچوں کی تربیت کا ہر وقت خیال رکھتے تھے اور بچپن میں ہی قرآن کی طرف توجہ دلائی۔ اﷲ تعالیٰ ہمیں قرآن پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دے۔
(ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۱۲)

عشقِ رسول

برّ صغیر کے ممتاز ادیب سیّد ابُو ظفر نازش صاحب رضوی نے حضرت مصلح موعود …… کے وصال پر اپنا یہ چشم دید واقعہ اخبار میں شائع کیا:
’’۱۹۴۰ء میں مجھے ایک سیاسی مشن پر قادیان جانا پڑا۔ اُس زمانے میں ہندو اپنی سنگھٹنی شرارتوں کا ایک خاص منصوبہ بنا رہے تھے۔ اُس موقع پر مرحوم و مغفور امام صاحب جامع مسجد دہلی اور سیّد و مولائی خواجہ حسن نظامی صاحب اعلی اﷲ مقامہٗ اور دیگر چوٹی کے مُسلم اکابر نے مجھے نمائندہ بنا کر بھیجا کہ حضرت صاحب سے اِس باب میں تفصیلی بات چیت کروں اور اسلام کے خلاف اِس فتنے کے تدارک کے لئے اُن کی ہدایات حاصل کروں۔ یہ مشن بہت خفیہ تھا کیونکہ ہندوستان کے چوٹی کے مسلمان اکابر جہاں یہ سمجھتے ہیں کہ ہندوؤں کے اُس ناپاک منصوبے کا مؤثر جواب مسلمانوں کی طرف سے صرف حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد …… ہی دے سکتے ہیں۔ وہاں وہ عام مسلمانوں پر یہ ظاہر کرنا بھی نہیں چاہتے تھے کہ وہ حضرت صاحب کو اپنا رہبر تسلیم کرتے ہیں۔
مَیں اِس سلسلے میں قادیان تین دن مقیم رہا اور حضرت صاحب سے کئی تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ اِس ملاقاتوں میں دو باتیں مجھ پر واضح ہو گئیں ایک یہ کہ حضرت صاحب کو اسلام اور حضور سرورِ کائنات علیہ السلام سے جو عشق ہے اُس کی مثال اِس دَور میں مِلنا محال ہے۔ دوسرے یہ تحفظِ اسلام کے ئے جو اہم نکات حضرت صاحب کو سوجھتے ہیں وہ کسی دیگر مُسلم لیڈر کے ذہن سے مخفی رہتے ہیں۔ میرا یہ مشن بہت کامیاب رہا اور مَیں نے دہلی جاکر جو رپورٹ پیش کی اُس سے مُسلم زعماء کے حوصلے بلند سے بلند تر ہو گئے‘‘۔ (روزنامہ الفضل ۱۴؍اپریل ۱۹۶۶ء صفحہ۳)

تبلیغ کا ولولہ

مکرم مولوی عبدالرحمن صاحب انور تحریر کرتے ہیں:
’’جب شہزادہ ویلز ہندوستان آیا تو وائسرائے کی طرف سے محتلف رؤسا اور لیڈروں کو اس کی ملاقات کے لئے کہا گیا۔ اس وقت حضرت خلیفۃ المسیح الثانی نے دو شرطوں کے ساتھ ملاقات کرنے پر آمادگی کا اظہار فرمایا۔ ایک یہ کہ حضور اس کی بیوی کے ساتھ مصافحہ نہیں کریں گے۔ دوسرے یہ کہ حضور اسے ایک کتاب بطور تحفہ پیش کریں گے جس میں ’’دینِ حق‘‘ کی ’’دعوت‘‘ ہو گی۔ چنانچہ شہزادہ ویلز کے مشورہ کے ساتھ یہ دونوں حضور کی باتیں مان لی گئیں اور حضور نے ایسے تنگ وقت میں ایسی ضخیم کتاب تحریر فرمائی۔ پھر اسے چھپوایا گیا اور چاندی کی طشتری میں رکھ کر پیش کیا گیا۔ ایسے تھوڑے عرصہ میں اس قدر مدلل اور شاندار کتاب کی تصنیف حضور کی اولوالعزمی کا واضح ثبوت ہے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۵۱)
مکرم صوفی علی محمد صاحب حضور سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’میں احمدی ہو چکا تھا مگرابھی تک حضور سے میری ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ ستمبر ۱۹۵۸ء کو مجھے مکرمی مولانا ابو المنیر نور الحق صاحب حضور سے ملانے کے لئے نخلہ لے گئے۔ اس ملاقات میں حضور نے جس شفقت سے مجھے نوازا وہ پیار اور محبت ابھی تک میرے ذہن پر نقش ہے اس موقع پر میں نے حضور ایدہ اﷲ تعالیٰ کو اپنی ایک پنجابی نظم پڑھ کر سنائی ۔نظم کا جب میں نے یہ شعر پڑھا ؂
اک دا نہیں کم سارے ہمتاں دکھا دیئے
اک اک بندہ سَو سَو احمدی بنا دیئے
تو حضور نے مسکراتے ہوئے فرمایا کہ اب یہ فقرہ ٹھیک نہیں رہا۔ جب میں نے کہا یہ تھا کہ ایک ایک احمدی سَو سَو احمدی بنائے تو اُس وقت جماعت عہد طفلی میں تھی اب خدا کے فضل سے جماعت شباب کی حالت میں ہے۔ اب میں احباب جماعت سے سَو کی بجائے ہزار کی توقع رکھتا ہوں اس لئے تم اپنے شعر میں سو کی بجائے ہزار لکھو۔ میں نے عرض کیا کہ حضور ہزار لکھنے سے شعر کا وزن ٹوٹ جاتا ہے ہنس کر فرمایا اچھا تم شعر میں سَو پڑھ لیا کرو مگر ساتھ ہی بتا دیا کرو کہ اب میرا ہزار احمدی بنانے کا مطالبہ ہے سَو کا مطالبہ توہماری ایک رشتہ دار عورت نے ہی پورا کر دکھایا تھا اس لئے اب مردوں سے میرا ہزار کا مطالبہ ہے۔ اس کے بعد میں نے درج ذیل اشعار پڑھے :
مصلح موعود دے کلیجے ٹھنڈ پا دئیے
بلھے شاہ دے وانگ نچ پیر نو منا دئیے
ہو کے ضرور رہنی فتح اسلام جے
مصلح موعود دا میں ادنیٰ غلام جے
صوفی علی محمد تے جنڈو وچہ مقام جے
وقف جدید وچ دتا ہویا نام جے
اس پر حضور نے فرمایا کہ دیہاتیوں میں پنجابی مادری زبان ہونے کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے ان کی نظم اور نظم پڑھنا مجھے بہت پسند ہے اور فرمایا کہ یہ نظم چھپوا کر جلسہ سالانہ میں تقسیم کی جائے چنانچہ یہ نظم چھپوا کر جلسہ پر کافی تقسیم کی گئی اور حضور نے مجھے فرمایا کہ دیہاتی جماعتوں میں جاکر یہ ضرور سنایا کریں‘‘۔ (سوانح فضل عمر جلد نمبر۵ صفحہ ۴۲۳،۴۲۴)

غیرتِ دین

مکرم محمد بشیر احمد آف بنگلہ دیش حضور کی غیرتِ دین کا ایک واقعہ یوں بیان فرماتے ہیں:
’’ایک واقعہ حضور کی غیرت دینی کا میں بغیر ذکر کئے رہ نہیں سکتا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضور کو توحید اور اشاعت توحید کا کس قدر خیال تھا۔ ۱۹۲۱-۲۲ء کا واقعہ ہے کہ حضور …… شملہ تشریف لے گئے حضور جب بھی شملہ تشریف لے جاتے تو چہل قدمی کے لئے اپنے خدام کے ساتھ تشریف لے جاتے ایک مرتبہ اسی طرح حضور سیر کے لئے تشریف لے جارہے تھے ساتھ حضور کے کئی خدام بھی تھے۔ میرے والد صاحب حضور کے ہمراہ تھے۔ والد صاحب فرماتے ہیں کہ راستہ میں عیسائیوں کا بڑا گرجا بھی آیا حضور کے ایک ہمراہی نے اس گرجا کی طرف متوجہ کیا کہ اتنا صاف شہر ہے اور یہ گرجا انگریزوں کا کس قدر شکستہ ہے اگر انگریز اس کی مناسب مرمت کرلیں تو کتنا خوبصورت لگے گا والد صاحب کہتے ہیں کہ ان الفاظ کاسننا تھا کہ حضور کا رنگ سُرخ ہو گیا اور مڑ کر فرمانے لگے کہ میں تو چاہتا ہوں کہ ہر جگہ خدائے واحد کا نام پھیلے اور بیوت الذکربنیں اور تم یہ کہتے ہو کہ یہ گرجا نئے سرے سے تعمیر ہو۔ اﷲ اﷲ کتنی غیرت توحید کے لئے تھی‘‘۔
(الفضل ۱۴؍اپریل ۱۹۶۶ء صفحہ ۵)
اپنے تو کیا غیر بھی آپ کی غیرتِ دینی اور دینِ حق کے دفاع کرنے کے جذبہ کے قدر دان تھے۔ چنانچہ سیّد ابو ظفر نازش صاحب رضوی نے حضرت مصلح موعودکی وفات پر آپ کے اس وصف کا ذکر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ:
’’افسوس ! کہ وُہ وجود جو انسانیت کے لئے سراپا اِحسان و مروّت تھا آج اِس دُنیا میں نہیں۔ وہ عظیم الشان سِپر آج پیوندِ زمین ہے جس نے مخالفینِ اسلام کی ہر تلوار کا وار اپنے سینے پر برداشت کیا مگر یہ گوارا نہ کیا کہ اسلام کو گزند پہنچے …… آپ نے دُنیا کے بے شمار ممالک میں چار سَو کے قریب مساجد تعمیر کرائیں۔ تبلیغِ اسلام کے لئے تقریباً یکصد مِشن قائم کئے جو عیسائیت کی بڑھتی ہوئی رَو کے سامنے ایک آہنی دیوار بن گئے۔ مختصر یہ کہ حضرت صاحب نے اپنی زندگی کا ایک ایک سانس اپنے مولیٰ کی رضا اور اسلام کی سَر بلندی کے لئے وقف کر رکھا تھا۔ خُدا اُن سے راضی ہؤا وہ خدا سے راضی ہوئے‘‘۔ (روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ مورخہ ۱۴؍اپریل ۱۹۶۶ء صفحہ ۳،۵)
حضرت شیخ غلام احمد واعظ …… فرمایا کرتے تھے کہ
’’ایک دفعہ میں نے ارادہ کیا کہ آج کی رات بیت مبارک میں گزاروں گا اور تنہائی میں اپنے مولا سے جو چاہوں گا مانگوں گا۔ جب میں بیتمیں پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ کوئی شخص سجدے میں پڑا ہوا ہے اور الحاح سے رو رہا ہے اس کے اس الحاح کی وجہ سے میں نماز بھی نہ پڑھ سکا اور اس شخص کا اثر مجھ پر بھی طاری ہو گیا اور میں بھی دُعا میں محو ہو گیا اور میں نے دعا کی کہ ………… یہ شخص تیرے حضور سے جو کچھ بھی مانگ رہا ہے وہ اس کو دے دے اور کھڑا کھڑا تھک گیا کہ یہ شخص سر اٹھائے تو معلوم کروں کہ کون ہے۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ مجھ سے پہلے وہ کتنی دیر سے آئے ہوئے تھے مگر جب آپ نے سر اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت میاں محمود احمد صاحب ہیں۔ میں نے السلام علیکم کہا اور مصافحہ کیا اور پوچھا کہ آج اﷲ تعالیٰ سے کیا کچھ لے لیا تو آپ نے فرمایا کہ میں نے تو یہی مانگا کہ یاالٰہی! مجھے میری آنکھوں سے دین حق کو زندہ کر کے دکھا! اور یہ کہہ کر آپ اندر تشریف لے گئے‘‘۔ (الفضل ۱۶؍فروری ۱۹۶۸ء صفحہ۷)

احکام شریعت کی پابندی

مولانا محمد احمد جلیل صاحب پروفیسر جامعہ احمدیہ اس تعلق میں یوں تحریر کرتے ہیں:
تقسیم ملک سے پہلے قادیان کے زمانے میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی گرمیوں میں ڈلہوزی تشریف لے جایا کرتے تھے۔ ۱۹۳۲ء کی بات ہے حضور ڈلہوزی میں موتی ٹبہ نامی پہاڑی پر لارنس ہال کوٹھی میں مع اہل …… قیام فرما تھے۔ پرائیویٹ سیکریٹری کا عملہ اور دیگر کارکنان وغیرہ تھوڑے فاصلہ پر ٹیرہ ہال میں مقیم تھے۔ حضرت مولوی شیر علی صاحب اور میرے والد مولوی محمد اسماعیل صاحب بھی ان دنوں ٹیرہ ہال میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ حضرت مولوی شیر علی صاحب انگریزی تفسیر کے لئے اور میرے والد صاحب تفسیر کبیر کے سلسلہ میں حضور کے ہمراہ گئے ہوئے تھے۔ میں نے ان دنوں مولوی فاضل کا امتحان دیا۔ والد صاحب نے امتحان کے بعد مجھے بھی کچھ دنوں کے لئے وہاں بلا لیا۔
ٹیرہ ہال کے ساتھ میدان میں ایک بڑا خیمہ نصب تھا جس میں پانچوں نمازیں اور جمعہ ادا کیا جاتا تھا۔ برسات کا موسم تھا۔ نمازیں عموماًجمع ہوتی تھیں۔ ایک روز جب حضور مغرب کی نماز پڑھا چکے تو حضرت مولوی شیر علی صاحب نے حسب معمول عشاء کی اقامت شروع کی۔ حضور نے فرمایا کیا بارش ہو رہی ہے۔ جب باہر دیکھا گیا تو بارش نہیں ہو رہی تھی۔ اس پر حضور نے فرمایا کہ نماز جمع کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور حضور نصف گھنٹہ کے قریب بیٹھے احباب سے گفتگو کرتے رہے۔ اس کے بعددوبارہ اقامت کہی گئی اور عشاء کی نماز ادا کی گئی۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۶۲)

قبولیتِ دُعا

اﷲ تعالیٰ سے زندہ تعلق کا ایک عملی ثبوت یہ کہ وہ اپنے پیاروں کی بڑی کثرت سے دُعائیں قبول کرتاہے۔ حضرت مصلح موعود کی قبولیت دعاکے ہزاروں واقعات میں سے نمونہ کے طور پر صرف چند ایکتحریر کئے جاتے ہیں۔
مکرم ملک حبیب الرحمن صاحب ریٹائرڈ ڈپٹی انسپکٹر لکھتے ہیں:
’’۱۹۳۸-۳۹ء کی بات ہے کہ مجھے ہر ماہ معدہ میں درد کا شدید دورہ ہونا شروع ہوا۔ بہت علاج کئے مگر کوئی افاقہ نہ ہوا اور میں بالکل لاچار ہو گیا۔ آخر تنگ آکر میں امرتسر میڈیکل ہسپتال میں داخل ہو گیا۔ مختلف اقسام کے ٹیسٹ کئے جانے کے بعد ڈاکٹروں نے فیصلہ دیا کہ مجھے اپنڈے سائٹس ہے اور پتے میں پتھری بھی ہے لہٰذا دونوں آپریشن ہوں گے جس سے میں سخت گھبرا گیا اور موقع پاکر ہسپتال سے نکل کر سیدھا قادیان پہنچا اور اپنے آقا کے حضور تمام حالات عرض کئے۔ حضور نے ازراہ شفقت فرمایا کہ آپ کو اپنڈے سائٹس قطعاً نہیں ہے۔ ہاں پتے میں پتھری ہو سکتی ہے۔ میں دعا کروں گا۔ اس پر میں مطمئن ہو کر واپس اپنی ڈیوٹی پر چلا گیا اور معمولی دیسی وہومیو پیتھک علاج شروع کیا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے تین ماہ کے اندر مجھے کافی افاقہ ہوا اور کچھ عرصہ کے بعد بیماری کا نام و نشان نہ رہا اور باوجود سخت بد پرہیزی کے آج تک یہ تکلیف دوبارہ نہیں ہوئی۔ یہ سب حضور کی دعاؤں کے طفیل اﷲ تعالیٰ کا فضل تھا ورنہ یہ دوائیں تو میں پہلے بھی ایک عرصہ تک استعمال کرتا رہا تھا۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۵۲)
مکرم میاں روشن دین صاحب صراف آف اوکاڑہ لکھتے ہیں:
’’۱۹۳۷ء کا واقعہ ہے کہ میرا لڑکا ضیاء الدین احمد ٹائیفائیڈ سے بیمار ہو گیا اور میں اسے لے کر قادیان چلا گیا۔ یہ وہ دن تھے جب حضور نے سورۃ یونس سے سورۃ کہف تک درس دیا تھا۔ حضور نے فرمایا کہ دعا کے لئے یاد دہانی کرواتے رہنا۔ کئی ڈاکٹر صاحبان بھی درس کی وجہ سے آئے ہوئے تھے۔ مثلاً ڈاکٹر حاجی خان صاحب کراچی، ڈاکٹر حضرت سیّد عبدالستار شاہ صاحب، ڈاکٹر عنایت اﷲ شاہ صاحب اور ڈاکٹر محمد الدین صاحب یہ سب علاج بھی کرتے رہے۔ آخر سب نے مشورہ دیا کہ اسے لاہور لے جائیں۔ حضور کی خدمت میں ڈاکٹروں کا مشورہ رکھا گیا چنانچہ آپ نے فرمایا کہ مجھے لا کر دکھادیں۔ چنانچہ میں بچہ کو اٹھا کر لے گیا تو حضور نے دعا فرماتے ہوئے اجازت دی کہ لے جاویں اور فرمایا کہ میں دعا کرتا رہوں گا۔ وہاں لے جانے پر میو ہسپتال کے سرجن نے مایوس ہو کر کہہ دیا کہ یہ لڑکا نہیں بچے گا اسے واپس لے جاؤ۔ چنانچہ بچہ کو واپس لے آئے۔ اﷲ تعالیٰ نے حضرت مصلح موعود کی دعاؤں سے یہ کرشمہ دکھایا کہ پیٹ میں جو غدودیں پیپ سے بھر گئی تھیں ان کی پیپ ناف کے ذریعہ خارج ہوتی گئی اور لڑکا خدا تعالیٰ کے فضل سے صحت یاب ہو گیا۔حضرت مولانا غلام رسول صاحب امرتسر سے قادیان جارہے تھے اور حضرت اماں جان بھی اسی گاڑی پر دہلی سے قادیان تشریف لے جارہی تھیں۔ حضرت مولوی صاحب نے ضیاء الدین کو حضرت اماں جان کے پاس بھجوادیا اور فرمایا کہ یہ لڑکا حضرت خلیفۃ المسیح کی دعا کا زندہ معجزہ ہے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۵۲)
سیّد اعجاو احمد شاہ صاحب انسپکٹر بیت المال لکھتے ہیں:
’’۱۹۵۱ء کا واقعہ ہے کہ مَیں ربوہ تھا۔ مجھے برادر خورد عزیز م سیّد سجاد احمد صاحب کی طرف سے جڑانوالہ سے تار ملا۔ ’’والد صاحب کی حالت نازک ہے جلدی پہنچو‘‘۔ نمازِ مغرب کے قریب مجھے تار ملا مغرب کی نماز میں حضور نماز پڑھا کر واپس تشریف لے جانے لگے تو مَیں نے عرض کیا۔ ’’جڑانوالہ سے چھوٹے بھائی کا تار ملا ہے۔ ابا جی کی حالت نازک ہے۔ کل صبح جاؤں گا حضور دعا فرماویں‘‘۔ حضور نے فرمایا ’’ اچھا دعا کروں گا‘‘۔ حضور پر نور کے ان چار لفظوں میں وہ سکینت تھی کہ بیان سے باہر ہے۔ اگلی صبح کو جڑانوالہ پہنچا۔ والد صاحب محترم چارپائی پر حسبِ معمول پان چبا رہے تھے۔ بھائی سے شکوہ کیا کہ تم نے خوامخواہ تار دے کر پریشان کیا تو اس نے کہا کہ کل مغرب کے بعد سے ابا جی کی حالت معجزانہ طور پر اچھی ہونی شروع ہوئی اور خطرہ سے باہر ہوئی ورنہ مغرب سے پہلے سب علاج بے کار ثابت ہو کر حالت خطرہ والی از حد تشویشناک تھی۔ پھر مَیں نے بتلایا کہ مَیں نے کل مغرب کے بعد حضور سے عرض کیا تھا۔ (روزنامہ الفضل ۱۷؍اپریل ۱۹۶۶ء صفحہ۴)
مکرم محمد عمر بشیر احمد صاحب بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں:
’’۱۹۵۶ء کا واقعہ ہے کہ حضور …… کراچی تشریف فرما تھے۔ ان دنوں میرے والدین بھی ڈھاکہ سے کراچی آئے ہوئے تھے۔ حضور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ میرے والد صاحب کو گلے میں کئی دنوں سے سخت تکلیف تھی وہاں کے احمدی اور غیر احمدی معروف ڈاکٹروں کو دکھایا گیا ہر ایک نے اس تکلیف پر تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ اپریشن کے بغیر کوئی علاج نہیں ہے اور اپریشن بھی کم کامیاب ہوتا ہے۔ اس سے ہمیں سخت فکر لاحق ہوئی۔ ہم حضور کی خدمت میں حاضر ہوئے اور دعا کی درخواست کی حضور نے فرمایا اچھا میں دعا کروں گا۔ والدہ صاحبہ نے اسی وقت حضور سے کہا کہ حضور ان کو یہاں تکلیف ہے۔ حضور نے جب نظر اٹھائی اور گلے کو دیکھا تو والدہ صاحبہ کہنے لگیں۔ حضور ابھی دعا فرما دیں حضور مسکرادیئے اور دعا فرمائی۔ خدا شاہد ہے کہ اسی وقت حضور نے توجہ فرمائی اور ابھی والدہ صاحبہ اور والد صاحب حضور کی کوٹھی سے باہر گئے ہی تھے کہ والد صاحب کہنے لگے کہ مجھے آرام محسوس ہوتا ہے اور جب گلے پر ہاتھ لگا کر دیکھا تو نہ وہاں گلٹی تھی اور نہ ہی درد تھا یہ تھا زندہ معجزہ حضور کا اﷲ تعالیٰ سے تعلق کا اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی کی صداقت …… مصلح موعود اپنے مسیح نفس سے بیماروں کو شفاء دے گا‘‘۔ 
’’میری والدہ صاحبہ ڈھاکہ میں ۱۹۵۴ء میں سخت بیمار ہو گئیں۔ ڈاکٹروں نے مایوسی کا اظہار کر دیا۔ کرنل خلیفہ تقی الدین احمد صاحب جو اس وقت مشرقی پاکستان میں سرجن تھے ان کے مشورہ اور تعاون سے والدہ صاحبہ کو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ بظاہر بچنے کی کوئی امید نہ تھی۔ حضور کی خدمت میں برابر تاریں دینی شروع کیں۔ اگلی رات کو حالت اور نازک ہو گئی۔ ڈاکٹر جواب دے گئے ایک پروفیسر صاحب کہنے لگے اب دعا کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ آپ لوگ سورۃ یٰسین پڑھیں ربوہ سے جواب آیا کہ حضور دعا فرماتے ہیں اﷲ تعالیٰ شفا عطا فرمائے گا۔ حالت سنبھلنے لگی اور اگلی صبح جو ڈاکٹر صاحبان مایوس ہو کر چلے گئے تھے وہ کہتے ہیں کہ ہم تو یقین کر چکے تھے کہ آپ لوگ ہسپتال سے چلے گئے ہوں گے کیونکہ مریض کے بچنے کی کوئی امید نہیں تھی یہاں آکر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ ان کی شفایابی ایک معجزہ ہے معجزہ کیوں نہ ہوتا جبکہ مریض کے حق میں اس مسیح نفس کی دعائیں ہیں جس نے بہتوں کو شفا دینی تھی۔‘‘
’’ایک دوست کو اپنی ملازمت کا خطرہ پیدا ہو گیا اور اس کو معلوم ہو گیا کہ وہ برطرف یا معطل کر دیا جائے گا۔ اس نے حضور …… کی خدمت میں جوابی تار کیا اور تار دیتے ہی بڑے پُر یقین انداز میں کہنے لگا کہ حضور سے اگر جواب آگیا کہ حضور نے میرے لئے دعا فرمائی ہے تو یقینا میرا خدا میری مدد کرے گا۔ ایک ہفتہ کے بعد جب اسی دوست سے ملاقات ہوئی اور دریافت کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اسی رات اسے حضور کی طرف سے جواب آگیا تھا۔ چنانچہ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اور حضور …… کی دعاؤں کی برکت سے وہ ملازمت پر بحال ہے۔ خود میری اپنی زندگی میں ایسے کئی محیر العقول واقعات رونما ہوئے جو میرے لئے ازدیادِایمان اور دوسروں کے لئے ہدایت کا موجب ہوئے‘‘۔ (الفضل ۱۹؍اپریل ۱۹۶۶ء صفحہ ۵)
حضرت مصلح موعود …… فرمایا کرتے تھے:
’’جب سعودی ، عراقی، شامی اور لبنانی، تُرک، مِصری اور یمنی سو رہے ہوتے ہیں مَیں اُن کے لئے دُعا کر رہا ہوتا ہوں‘‘۔ (رپورٹ مجلس مشاورت ۱۹۵۵ء صفحہ۹)

دوسروں کی تکلیف کا اظہار

حضرت مصلح موعود نے ساری زندگی دوسروں کے درد کو اپنا درد سمجھا اور جب بھی جماعت کے کسی فرد کو تکلیف میں دیکھا اپنے آرام کو ترک کر دیا اور اس کی تکلیف کو دُور کرنے کی سعی دُعا اور دوا دونوں طرح سے کی۔ حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ نے مندرجہ ذیل شعر میں اپنے بڑے بھائی جان پیارے بھائی حضرت مصلح موعود کی علالت کے دوران احباب جماعت کو دُعا کی یوں تحریک فرمائی: ؂

قوم احمد جاگ تُو بھی جاگ اُس کے واسطے
اَن گنت راتیں جو تیرے درد سے سویا نہیں
محترم مرزا رفیق احمد صاحب حضرت مہر آپا کے حوالے سے لکھتے ہیں:
’’ایک گرم اور حبس والی رات، گیارہ بجے دروازہ کھٹکا، ان دنوں بجلی ابھی ربوہ میں نہیں آئی تھی۔ حضور لالٹین کی روشنی میں صحن میں لیٹے ہوئے کتاب پڑھ رہے تھے۔ حضور نے مجھے کہا کہ دیکھو کون ہے؟ میں نے دریافت کیا اور آکر حضور سے کہا:’’ایک عورت ہے و ہ کہتی ہے کہ میرے خاوند کو حضور نے دوائی دی تھی اس سے بہت افاقہ ہو گیا تھا، مگر اب طبیعت پھر خراب ہو گئی ہے، دوائی لینے آئی ہوں‘‘۔آپ نے فرمایا!’’کمرہ میں جاؤ فلاں الماری کے فلاں خانے سے فلاں دوائی نکال لاؤ‘‘گرمی مجھے بہت محسوس ہوتی ہے اور یہ موسم میرے لئے ہمیشہ ناقابلِ برداشت رہا ہے۔ اپنی اس کمزوری کی بنا پر میں کہہ بیٹھی:’’یہ کوئی وقت ہے، میں اسے کہتی ہوں کہ صبح آجائے اندر جاکر تو حبس سے میرا سانس نکل جائے گا‘‘۔اس پر حضور نے بڑے جلال سے فرمایا!’’تم اس اعزاز کو جو خدا نے مجھے دیا ہے چھیننا چاہی ہو! ایک غرض مند میرے پاس اپنی ضرورت پوری کرنے کے لئے آتا ہے، یہ خدا کی دی ہوئی عزت ہے کہ مجھے خدمت کا موقع ملتا ہے، اسے میں ضائع کر دوں تو قیامت کے دن خدا کو کیا شکل دکھاؤں گا، میں خود جاتا ہوں‘‘میں نے کہا:’’آپ نہ جائیں، گرمی بہت ہے، میں چلی جاتی ہوں‘‘حضور نہ مانے اور خوداندر گئے اور دوائی لے کر اسے دی اور ساتھ ہی اسے ہدایت کی کہ صبح آکر اپنے خاوند کی خیریت کی خبر دے‘‘۔
(ملت کا فدائی صفحہ ۴۹،۵۰)
مکرم لطیف احمد خان دفترپرائیویٹ سیکرٹری ایک واقعہ تحریر کرتے ہیں کہ:
’’۱۹۴۱ء کا واقعہ ہے کہ حضور ڈلہوزی میں تھے وہاں سے ایک دن سیر کے لئے دیان کنڈ جو ایک اونچی پہاڑی تھی تشریف لے گئے۔ وہاں چائے کا بھی پروگرام تھا۔ مگر اتنے میں بارش ہونی شروع ہو گئی اور ہلکی ہلکی پھوار پڑنے لگی۔ میں اور خان میر خان صاحب اور نذیر احمد صاحب ڈرائیور آگ جلانے میں مصروف تھے مگر لکڑیوں کے گیلا ہونے کی وجہ سے بڑی دقت تھی اور پتھروں کے چولہے پر جھکے پھونکیں مار رہے تھے کہ اتنے میں حضور خود دو چار سوکھی لکڑیاں لئے ہوئے تشریف لے آئے اور ہمارے سروں پر چھتری کر دی۔ ہم نے وہ لکڑیاں رکھ کر آگ جلائی اور جب تک پانی ابل نہیں گیا حضور چھتری کا سایہ کئے دُھویں میں ہمارے پاس ہی کھڑے رہے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۵۲)
مکرم مرزا رفیق احمد صاحب (ابن حضرت فضل عمر) بیان کرتے ہیں کہ:
’’حضور کے کمرہ میں خاندان کے کسی فرد کی خواہش پر قالین بچھوایا گیا۔ اتفاق سے ایک دن کوئی دیہاتی خاتون حضور کی زیارت کے لئے حاضر ہوئیں ان کے گرد آلود پاؤں کی وجہ سے قالین پر نشان پڑ گئے۔ حضور نے محسوس فرمایا کہ آپ کے اس عزیز (جن کی خواہش پر یہ قالین بچھایا گیا تھا) کے چہرہ پر کچھ ناپسندیدگی کے آثار ہیں۔ اس خاتون کے جانے کے بعد حضور نے وہ قالین اسی وقت وہاں سے یہ کہتے ہوئے نکلوا دیا کہ میں اسے اپنے اور اپنی جماعت کے درمیان حائل ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا‘‘۔ (سوانح فضل عمر جلد۵ صفحہ ۴۱۲،۴۱۳)
مکرم محمد عبداﷲ صاحب آف قلعہ صوبہ سنگھ تحریر کرتے ہیں کہ:
’’ایک دوسرا واقعہ یہ ہے کہ مَیں چھاؤنی نوشہرہ سے کچھ دنوں کی رخصت لے کر قادیان آیا تھا۔ میری بیوی کے گلے میں خنا زیر کی گلٹیاں تھیں جن کا آپریشن کروا کر خارج بھی کروا دی گئیں تھیں مگر گلٹیاں پھر نمودار ہو گئیں۔ حضرت اُمّ طاہر صاحبہ کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات تھے میری بیوی جب ان سے ملیں تو انہوں نے کہا کہ حضرت صاحب اس مرض کا علاج کرتے ہیں اور حضور کوئی مرہم استعمال کرنے کے لئے دیں گے۔ میں نے حضور کی خدمت میں عرض کیا۔ ارشاد فرمایا کہ میں نے تو اس مرض کا کبھی کوئی مرہم تیار نہیں کیااور نہ ہی علاج کیا ہے۔ میں نے عرض کیا کہ حضور کی معمولی سی توجہ سے شفاء ہو جائے گی۔ حضور کے پاس ڈاکٹر حشمت اﷲ صاحب بیٹھے ہوئے تھے۔ ارشاد فرمایا کہ مجھے یاد دلانا، ان کے واسطے دوائی تیار کر کے بذریعہ پارسل نوشہرہ بھیج دی جائے گی۔ چنانچہ جب ہم واپس نوشہرہ چھاؤنی پہنچے تو کچھ دنوں کے بعد ایک پارسل حضور کی جانب سے موصول ہوا جس میں ایک بند ڈبیا میں سفید رنگ کا پوڈر تھا۔ حسبِ ہدایت وہ کچھ دن استعمال کیا گیا جس کے استعمال سے گلٹیاں غائب ہو گئیں اوراب تک اس کا نام و نشان نہیں اور کبھی نہیں اُبھریں۔ الحمدﷲ۔ یہ تھا حضور عالی کا اپنے ناچیز خادموں کے ساتھ مربیانہ سلوک‘‘۔
(سوانح فضل عمر جلد ۵ صفحہ ۴۰۹،۴۱۰)
مکرم محمد عبداﷲ صاحب ڈرائیور سعود آباد کراچی لکھتے ہیں:
’’قادیان دارالامان کا ذکر ہے اس زمانہ میں حضرت مولانا عبدالرحیم صاحب درد حضور کے پرائیویٹ سیکرٹری تھے اور میں حضور کی کار کا ڈرائیور تھا۔ میاں نذیر احمد صاحب ڈرائیور ان دنوں لمبی چھٹی پر تھے۔ میں نے مولانا درد صاحب مرحوم سے عرض کیا کہ مجھے اس وقت ایک سو روپے کی کی ضرورت ہے۔ آپ حضور سے بطور قرضہ دلا دیں اور پھر تنخواہ میں سے کاٹ لیں۔ درد صاحب نے فرمایا کہ تم سیّدہ اُمّ طاہرہ صاحبہ سے عرض کرو وہ بندوبست فرمادیں گی۔ سو میں نے ان کی خدمت میں حاضر ہو کر ذکر کیا کہ آپ بطور قرضہ ایک سو روپیہ حضور سے دلا دیں میں تنخواہ سے وضع کرادوں گا۔ انہوں نے بڑی شفقت سے فرمایا کہ اچھا میں بندوبست کردوں گی۔ دوسرے یا تیسرے دن مجھے دفتر سے مبلغ ۷۵ روپے ملے اور ساتھ ہی حضور کا یہ ارشاد موصول ہوا کہ یہ عطیہ ہے۔ قرضہ واپس کرنا تمہارے لئے مشکل ہو گا۔ گھر کے خرچ تو بدستور ہوں گے لہٰذا اسی رقم سے اپنی ضرورت پوری کرو‘‘۔
’’حضور موٹر میں بیٹھے ہوئے اگر کچھ تناول فرماتے تو ڈاکٹر حشمت اﷲ خان صاحب کو اس چیز کا ایک حصہ دے کر فرماتے کہ عبداﷲکے منہ میں ڈال دو کہ سیٹرینگ وہیل سے ہاتھ اٹھانا اس کے لئے مشکل ہو گا ۔(واضح رہے کہ کار میں ڈاکٹر صاحب ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا کرتے تھے)‘‘۔ (الفضل مورخہ ۲۷؍مئی ۱۹۶۶ء صفحہ ۴)
مکرم چوہدری ظہور احمد صاحب (ناظر دیوان) اپنا ایک واقعہ بیان کرتے ہیں:
’’۲۶؍جولائی ۱۹۳۱ء کو حضرت مصلح موعود نے قادیا ن سے شملہ تک وہ تاریخی سفر کیا جس میں آل انڈیا کشمیر کمیٹی کا قیام عمل میں آیا تھا۔ جبکہ حضورکی شملہ میں قیام گاہ ’’فیئرویو‘‘ کوٹھی میں ہندوستان کے تمام مسلم قابلِ ذکر لیڈر جمع ہوئے اور سر محمد اقبال صاحب کی تجویز اور تمام کے تمام جمع شدہ لیڈروں کی تائید اور اتفاق سے حضور اس کمیٹی کے صدر منتخب ہوئے۔ راقم الحروف کو اس سفر میں حضور کے ہمراہیوں میں شمولیت کی سعادت نصیب ہوئی۔ جس روز ہم شملہ پہنچے تو سفر کی تھکان کی وجہ سے مجھے نیند آگئی۔ ابھی کھانا نہیں کھایا تھا جب کھانے کاوقت ہوا حضور کھانے کے کمرہ میں تشریف لے گئے۔ خاکسار وہاں نہ تھا حضور نے سیّد محمد یٰسین صاحب (حضور کے باورچی) کو بھجوایا کہ ظہور احمد نہیں ہے اسے ڈھونڈ کر لاؤ۔ وہ آئے مجھے جگایا کہ حضور انتظار فرما رہے ہیں جلدی چلو۔ میں نے جلدی ہاتھ منہ دھویا اور حاضر ہو گیا چھوٹی عمر تھی ناتجربہ کار تھا، ڈرتا ہوا گیا کہ حضور ناراض ہوں گے۔ میرے پہنچتے ہی حضور نے مسکراتے ہوئے سیّد محمد یٰسین صاحب کو فرمایا، سب آگئے ہیں اب کھانا لے آؤ۔ بعد میں مَیں نے دیکھا کہ حضور کا یہ طریق تھا کہ سفر میں حضور اپنے تمام ہمراہیوں کے آرام کا چاہے وہ کسی درجہ کے ہوں ہر طرح سے خیال رکھتے۔ سب کا انتظار کر کے کھانا شروع فرماتے اور اگر کوئی ساتھی باہر کام پر گیا ہوتا تو خادم کو بار بار تاکید فرماتے کہ ان کا کھانا رکھ چھوڑنا تا کہ جب واپس آئیں تو کھا سکیں‘‘۔ (سوانح فضل عمر جلد ۵ صفحہ ۴۱۴، ۴۱۵)
مکرم محمد عمر بشیر احمد صاحب آف بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ:
’’حضور بلا لحاظہ فرقہ و مذہب ہر ایک کا درد رکھتے تھے۔ چنانچہ ۱۹۵۴ء اور ۱۹۵۵ء کے ہولناک سیلاب کے موقعہ پر جب کہ حضور لنڈن میں تھے۔ مرکز کو یہ حکم دیا کہ مشرقی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ایک گرانقدر رقم ارسال کی جائے اور ساتھ مکرم کیپٹن خورشید احمد صاحب جو اس وقت مشرقی پاکستان کے امیر تھے کو ارشاد فرمایا کہ فوری طور پر امداد ی کام شروع کر دیا جائے اور ان تمام کاموں کی حضور کو باقاعدہ رپورٹیں بجھوائی جائیں۔ حضور کے ارشاد کے ماتحت فوری طور پر کام شروع کر دیا گیا۔ اﷲ تعالیٰ کے فضٗ سے ہمارے ان امدادی کاموں کا اچھا اثر ہوا۔ ہمارے ان امدادی کاموں کی نیک شہرت کی وجہ سے صوبائی’’ریڈ کراس‘‘ نے بھی ہمیں دوائیاں دودھ وغیرہ مہیا کیا۔ ہمارے ان تمام امدادی کاموں کا ذکر مشرقی پاکستان کے اخباروں اور وہاں کے سیاسی لیڈروں نے علی الاعلان کیا۔ اس سلسلہ میں وہاں کے کئی سیاسی لیڈروں نے تعاون کیا۔ خصوصاً چوہدری غلام قادر صاحب مرحوم سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور مکرم ابو حسین سرکار صاحب سابق وزیر اعلیٰ مشرقی پاکستان جناب سیّد عزیز الحق صاحب اور جناب ہاشم الدین احمد صاحب سابق وزراء مشرقی پاکستان نے جماعت کے ان امدادی کاموں کوبہت سراہا۔ مکرم غلام قادر صاحب چوہدری ممبر اسمبلی نے اپنے کئی پبلک لیکچرز میں ان باتوں کا اعتراف کیا‘‘۔
(الفضل مورخہ ۱۹؍اپریل ۱۹۶۶ء)

اپنے عقیدت مندوں سے حسنِ سلوک

حضرت مصلح موعود کی حیاتِ طیبہ کا مطا لعہ کرنے سے ہزاروں ایسے واقعات ملتے ہیں جن سے آپ کا اپنے عقیدت مندوں سے حسنِ سلوک ۔ اُن کی دلجوئی، قدردانی اور ان کی خواہشات کا احترام اور ہمدردی کے جذبات کا اظہار ہوتا ہے۔ صرف چند واقعات پیش کئے جاتے ہیں:
ایک خادم سلسلہ کی قدردانی اور عزت افزائی کا نظارہ دیکھئے:
’’جناب خانصاحبفرزند علی صاحب امام ……احمدیہ لندن مبلغِ ……۱۰؍اپریل ۱۹۳۳ء کو بارہ بجے کی ٹرین سے قریباً پانچ سال کے بعد تشریف لائے۔ سٹیشن پر احباب کثیر تعداد میں اپنے مجاہد بھائی کے استقبال کے لئے جمع تھے اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ تعالیٰ بنصرہ العزیز بھی باوجود ناسازیٔ طبع اور بہت نقاہت کے اپنے خادم کی عزت افزائی کے لئے اسٹیشن پر تشریف لے گئے ……‘‘
’’جب خان صاحب مسجد مبارک میں پہنچے تو شیخ یوسف علی صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الثانی نے کسی سے وضوکے لئے پانی لانے کو کہا مگر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی بنفس نفیس اندر جاکر پانی کا لوٹا بھر لائے‘‘۔ (الفضل صفحہ ۱،۱۳؍اپریل ۱۹۳۳ء)
مکرم میر محمد بخش صاحب ایڈووکیٹ امیر ضلع گوجرانوالہ تحریر کرتے ہیں:
’’۱۹۴۶ء کا ذکر ہے کہ میں بعارضہ ٹائیفائیڈ بیمار ہو گیا۔ چار ہفتہ کے بعد بخار ٹوٹا لیکن اُس روز میرا ایک جوان لڑکا فوت ہو گیا۔ باوجود لوگوں کے منع کرنے کے میں اس کے جنازہ کے ہمراہ پیدل قبرستان تک چلا گیا۔ جو میرے مکان سے قریباً پون میل کے فاصلہ پر ہے۔ گھر واپس آکر تکان کی وجہ سے ٹائیفائیڈ کا دوسرا حملہ ہو گیا جو کہ بہت شدید تھا بچنے کی کوئی امید نہ رہی۔ حضور کو جب میری بیماری کی خبر ملی تو میرے گھر والوں کو تحریر فرمایا کہ ہر روز میری حالت سے حضور کی خدمت میں اطلاع دی جاوے تاکہ حضور دعا کر سکیں۔ چنانچہ یہ سلسلہ جاری رہا اور اﷲ تعالیٰ نے حضور کی دعاؤں کی طفیل شفا عطا کی۔ مجے یہ خیال نہ تھا کہ میرا حضور سے کوئی ایسا تعلق ہے یا کوئی ایسی خدمت میں نے کی ہو جس کی وجہ سے حضور کو اس خاد م کا اس قدر خیال ہو۔ حضور کے اس سلوک کی وجہ سے ہر شخص جس کو حضور کی خدمت کا موقعہ ملا وہ یہی سمجھتا ہے کہ جو تعلق حضور کا اس سے ہے اور کسی سے نہیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ حضور اپنے ہر خادم سے ایسا تعلق رکھتے تھے کہ وہ سمجھتا تھا کہ یہ تعلق حضور کا اور کسی سے نہیں اور یہ حضور کی ذرہ نوازی کا نتیجہ تھا‘‘۔
(الفضل ۱۲؍جون ۱۹۶۶ء صفحہ ۵)
قادیان کے احمدیوں کی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے حضور کے ارشاد پر ایک عام دعوت ہوئی۔ اخبار الفضل اس مبارک تقریب کی تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھتا ہے:
’’عید الفطر سے ایک روز قبل حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ عید کے دن کوئی ایسی تقریب ہونی چاہیئے جس کے ماتحت تمام مقامی احمدی مشترک کھانا کھائیں اور لنگر جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا جاری فرمودہ متبرک سلسلہ ہے وہاں سے غرباء اور مساکین کو کھانا دیا جائے اس کے علاوہ جو دوست اپنا خرچ دے کر اس دعوت میں شریک ہونا چاہیں انہیں بھی شامل کر لیا جائے۔ اس فہرست میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ تعالیٰ نے بعد میں جملہ صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھی شامل کرنے کااعلان فرمایا …… قریباً ساڑھے چار ہزار احمدیوں کو عید کے دن شام کے وقت پلاؤ، آلو گوشت اور روٹی پر مشتمل کھانا کھلایا گیا۔ جس میں قلیل حصہ ان لوگوں کا تھا جنہوں نے خرچ دیا تھا اور کثیر حصہ غرباء کا تھا …… اس انتظام کی وجہ سے یہ عید قادیان میں اپنی قسم کی پہلی عید تھی۔ آئندہ کے متعلق حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ کا خیال ہے کہ عید الفطر کے موقع پر اس قسم کی دعوت کا انتظام کیا جایا کرے اور بروقت انتظامات شروع کر کے یہ کوشش کی جائے کہ جملہ مقامی احمدی اور مہمان اس میں شامل ہوں‘‘۔
(الفضل ۲۱؍جنوری ۱۹۳۴ء صفحہ ۱)
حضرت حافظ روشن علی صاحب بہت ہی مخلص اور فدائی خادم اور خلافت ثانیہ میں ابتدائی علماء و مبلغین کے استاد تھے ۲۳؍جون ۱۹۲۹ء کو وفات پاگئے۔ حضور کو ان کی وفات کی اطلاع بذریعہ تار کشمیر میں ملی۔ حضور نے جوابی تار میں فرمایا:
’’مولوی شیر علی صاحب کا تار حافظ روشن علی صاحب کی وفات کے متعلق پہنچا۔ انا ﷲ و انا الیہ راجعون۔ مجھے بہت ہی افسوس ہے کہ میں وہاں موجود نہیں ہوں تاکہ اس قابل قدر دوست اور زبردست حامیِ دین حق کی نماز جنازہ خود پڑھا سکوں۔ حافظ صاحب مولوی عبدالکریم صاحب ثانی تھے اور اس بات کے مستحق تھے کہ ہر ایک احمدی انہیں نہایت ہی عزت و توقیر کی نظر سے دیکھے انہوں نے دین حق کی بڑی بھاری خدمت سرانجام دی ہے اور جب تک یہ مقدس سلسلہ دنیا میں قائم ہے انشاء اﷲ ان کا کام کبھی نہ بھولے گا۔ ان کی وفات ہمارے سلسلہ اوردین حق کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے لیکن ہمیشہ ایسے ہی بڑے صدمے ہوتے ہیں جنہیں اگر صبر کے ساتھ برداشت کیا جائے تو وہ خداتعالیٰ فضلوں کے جاذب بن جاتے ہیں۔ ہم سب فانی ہیں لیکن جس کام کے لئے ہم کھڑے کئے گئے ہیں وہ اﷲ تعالیٰ کا کام ہے جو موت و حیات کاپیدا کرنے والا ہے اور وہ غیر معلوم اسباب کے ذریعہ اپنے کام کی تائید کرے گا ……
میں احباب کے ساتھ سرینگر میں نماز جنازہ پڑھوں گا اگر لاش کے متغیر ہو جانے کا خوف نہ ہوتا تو التوائے تدفین کی ہدایت دیکر میں اس آخری فرض کو ادا کرنے کے لئے خود قادیان آتا۔ اﷲ تعالیٰ ان لوگوں پر جو ہم سے رُخصت ہو گئے ہیں اور ان پر جو زندہ ہیں اپنی رحمتیں نازل فرمائے‘‘ (الفضل ۲۸؍جون ۱۹۲۹ء صفحہ ۱)
اس طرح ایک اور واقع ہے کہ جب حضرت خلیفۃ المسیح الثالث کی شادی ہوئی تو دعوت ولیمہ کے موقع پر قادیان کے سارے باشندے اپنا حق سمجھتے ہوئے از خود شامل ہو گئے۔ جس کے نتیجہ میں یہ فیصلہ ہوا کہ حاضرین میں سے ایک تعداد آج رات کھانے میں شریک نہ ہو۔ بلکہ جو لوگ بغیر بلائے کے اپنا حق سمجھتے ہوئے آگئے ہیں ان کو بھی محروم نہ رکھا جائے اور یہ لوگ ان کو کھانا کھلانے کی ڈیوٹی اپنے ذمہ لے لیں۔ چنانچہ اس طرح سے جس قدر کھانا تیار تھا وہ دوسرے لوگوں کو کھلادیا گیا اور جس قدر کھانا بچ رہا اس کے متعلق حضور نے فیصلہ فرمایا کہ اب جو دوست کھانا کھلا رہے تھے وہ سب اکٹھے بیٹھ جائیں اور جس قدر بھی کھانا موجود ہے اس کو سب مل کر کھالیں اور ان لوگوں کی کل پھر باقاعدہ دعوت ہو گی۔ چنانچہ حضور بھی بغیر کسی امتیاز کے ان احباب کے درمیان لائن میں بیٹھ گئے اور ایک ایک برتن میں دو دو تین تین احباب کوکھانے کا موقع ملا۔ حضور کے ساتھ بھی ایک اور دوست ایک ہی تھالی میں سے کھاتے رہے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ۵۱)

خدام کے لئے تکریم

حضرت مصلح موعود کا دستور یہی رہا ہے کہ اپنے خدام کو مخاطب کرتے وقت ’’صاحب‘‘ کا لفظ ضرور استعمال فرماتے۔ چنانچہ بیشتر دفعہ مکرم چوہدری برکت علی خان صاحب وکیل المال کے لئے جب لفافہ پر نوٹ لکھا تو ’’چوہدری برکت علی خان صاحب‘‘ پورا نام لکھ کر کوئی ہدایت دی اور ایک ادارہ کے افسر کو اس طور پر ہدایت دی کہ اپنے ماتحت کارکنوں کے نام کے ساتھ ’’صاحب‘‘ کا اعزازی لفظ ضرور استعمال کیا کریں۔ دیکھیں میں نے آپ کا نام تین چار دفعہ لکھا ہے یا پکارا ہے۔ میرا بھلا کتنا وقت زیادہ لگ گیا ہو گا اور مجھے بھلا کتنی دقت ہوئی ہو گی۔ کچھ بھی نہیں۔
(الفضل ۱۶؍فروری ۱۹۰۶ء صفحہ ۱۳)

حضور کی ذرّہ نوازی

مکرم محمد نصیب صاحب عارف حویلیاں ضلع ہزارہ تحریر کرتے ہیں کہ:
’’گزشتہ جنگِ عظیم میں جاپان کی لڑائی میں جاپانیوں کی قید سے رہائی کے بعد جب خاکسار سنگاپور میں پونے پانچ سال رہنے کے بعد ہندوستان ۱۹۴۵ء کے آخر میں پہنچا تو حضور کی ملاقات سے مشرف ہونے کا موقع ملا۔ ملاقات کے لئے دفتر پرائیویٹ سیکرٹری کی طرف سے صرف پانچ منٹ ملے تھے اور یہ بھی بہت زیادہ سمجھ کے دئے گئے تھے کہ زندگی اور موت کی کشمکش کے بعدوطن کو واپسی کے بعد موقع ملا تھا۔غرض حضور کی خدمت میں حاضر ہوا۔ قید کا عرصہ کچھ اِس رنگ میں گزارا تھا کہ گویا یہ عاجز سنگا پور میں ایک مربی یا مبلغ کی صورت میں گیا تھا۔ وہاں جہاں قید کی سختیوں اور صعوبتوں میں وقت گزرا وہاں ساتھ ساتھ جماعتی کاموں کا موقع بھی میسّر آیا تھا۔ ان کاموں کی تفصیل مَیں نے حضور کی خدمت میں عرض کی تو حضور نے اس عاجز کو اسی شفقت اور محبت سے نوازا جیسے ایک کامیاب مبلغ کو جو بیرونی ممالک سے واپسی پر حضور سے ملاقات کے لئے حاضر ہوتا ہے تو حضور اس کو نوازتے ہیں۔ حضور نے کوائف کو بغور سُنا اور بہت سے مزید حالات جاپانیوں کی قید کے دریافت فرمائے۔ ادھر پانچ پانچ منٹ کے وقفہ کے بعد وقت کے ختم ہونے کی گھنٹی بجتی رہی۔ مگر حضور ان کوائف میں اتنے محو تھے کہ اجازت مرحمت نہ فرماتے اور خوشنودی کا اظہار فرماتے ہوتے۔ جزاکم اﷲ احسن الجزاء۔فرمایا اور رخصت کی اجازت فرمائی۔ ملاقات کے کمرہ سے باہر آنے پر کارکنان بہت حیران تھے کہ اتنا وقت کیوں لگ گیا مگر یہ عاجز حضور انور کی قدردانی اور شفقت پر بے حد سرشار تھا جو اتنے عرصہ بعد ملاقات پر نصیب ہوئی۔ فالحمدﷲ علیٰ ذالک۔
مکرم لطیف احمد خان صاحب دفتر پرائیویٹ سیکرٹری بیان کرتے ہیں:
’’۱۹۴۲ء میں حضور پالم پور تشریف لے گئے۔ وہاں سے ایک دن حضور کا پروگرام بیج ناتھ ٹرپ کا بنا۔ چونکہ کاروں میں جگہ کم تھی اس لئے حضور نے خاکسار اور مرزا فتح الدین صاحب سپرنٹنڈنٹ کو فرمایا کہ آپ بس پر آجائیں ہم وہاں انتظار کریں گے۔ پہلے تو ہمارا ارادہ نہ جانے کا ہوا کیونکہ بس کی آمد کی امید نہ تھی۔ سڑک ٹوٹی ہوئی تھی مگر پھر ہم دونوں اس وجہ سے کہ حضور نے ارشاد فرمایا ہے کہ کھانے پرانتظار کریں گے پیدل چل پڑے۔ ڈیڑھ بجے ڈاک بنگلا میں پہنچے تو حضور کھانا تناول فرما رہے تھے ہمیں دیکھ کر مسکراکر فرمایا کہ انتظار کر کے کھانا شروع کیا ہے۔ اتنی دیر کیوں ہو گئی۔ ہم نے عرض کیا کہ بس نہیں آئی ہم پیدل آئے ہیں۔ چنانچہ اسی وقت حضور نے پیالوں میں کھانا ڈال کر اپنے ہاتھ سے ہمیں دیا۔ سبحان اﷲ جب شفقت کے یہ نظارے آنکھوں کے سامنے آتے ہیں تو آنکھوں سے آنسو آجاتے ہیں کہ ہمارا آقا کتنا بلند اخلاق اور اپنے خدام پر کس قدر مہربان تھا۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۵۱)
حضرت چوہدری سر محمد ظفراﷲ خان صاحب حضور کی شفقت اور دلجوئی و ہمدردی کا ذکر کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں:
’’جب حضور کا وصال ہوا تو یہ عاجز کئی سمندر پار تھا اور آخری دیدار کی کوئی صورت میسّر نہ آسکتی تھی۔ اُدھر اس علاقے کی مخلص جماعتیں حد درجہ غم خواری اور تسلی کی محتاج تھیں۔ دل بلبلاتا تھا لیکن دماغ کہتا تھا تم بے شک لاڈلے مرید تھے۔ باپ سے جدائی ہوئی تو تمہیں اس یقین سے تسکین اور ڈھارس ہوئی کہ مَیں یتیم نہیں ہوں میرا نہایت شفیق باپ موجود ہے اور فوراً اِس شفقت کااظہار یہ ہوا کہ ڈلہوزی سے حضور کا تار آیا میری انتظار کرو مَیں اپنے ناظر اعلیٰ کا جنازہ خود پڑھاؤں گا۔ ستمبر کا شروع تھا۔ بارشوں سے پہاڑی رستے بند ہو رہے تھے۔ قادیان کے نواح میں موٹر کا سفر دشوار تھا لیکن اندھیرے سویرے کیچڑ اور پانیوں میں سے گزرتے وہ سراپا شفقت آقا اپنے خادم کے لئے دعائے مغفرت کے لئے پہنچا پھر اپنے مبارک قلم سے مزید مخلص نوازی کرتے ہوئے کتبے کی عبارت رقم فرمائی جس میں تحریر فرمایا کہ مرحوم کے اخلاص اور محبت کی یاد اب تک دل کو گرما دیتی ہے۔ وہاں سے مفارقت ہوئی تو تم نے پھر اسی یقینسے تسکین پائی کہ میرا آقا باپ سے بڑھ کر شفیق ہے۔ تعزیت نامے میں حضور نے فرمایا چند دن پہلے مَیں نے رؤیا میں دیکھا کہ ظفراﷲ خاں، عبداﷲ خان، اسد اﷲ خان میرے سامنے چھوٹی عمر میں گھر کے بچوں کی طرح لیٹے ہوئے ہیں اور مَیں سمجھتا ہوں یہ میرے بیٹے ہیں اور میں ان سے اسی طرح بات کر رہاہوں جیسے گھر میں ماں باپ بچوں سے کرتے ہیں اور فرمایا اس میں ان کی والدہ کی وفات کی طرف اشارہ تھا کہ جب اﷲ تعالیٰ ایک ابوۃ یا مامتا کو ہٹا لیتا ہے تو اُس کی جگہ دوسری مہیا فرما دیتا ہے۔ پھر اس مخلص خادمہ کے کتبے کی عبارت بھی دستِ مبارک سے تحریر فرمائی اور اس میں رقم فرمایا مرحومہ صاحبۂ رؤیا و کشوف تھیں۔ رؤیا کی بناء پر ہی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت اپنے خاوند سے پہلے کی اور پھر خلافتِ ثانیہ میں بھی رؤیا کی بنا پر اپنے خاوند سے پہلے بیعت کی۔ غربا پروری کی صفت سے متصف اور کلمۂ حق کے پہنچانے میں نڈر تھیں۔ اب آج تم بیشک یتیم بھی ہو گئے اور باپ کی دعاؤں سے محروم بھی ہو گئے۔ تم جس قدر بلبلاؤ جائز مگر اپنے رب کی طرف جھکو اور اسی کو اپنا مرہم اور غم خوار بناؤ۔ تم ہی آج یتیم نہیں ہوئے ایک جہان یتیم ہوا ہے۔ تم اپنا غم دباؤ اور اپنے ارد گرد کے یتیموں کی غم خواری کرو جن کی نظر میں تم بڑے بھائی ہو جس سے انہیں تسلی اور غم خواری کی امید اور توقع ہے‘‘۔ (الفضل ۱۷؍جون ۱۹۶۶ء)

بیمار پُرسی

حضرت منشی اروڑا خان صاحب کی عیادت کے لئے حضور ہسپتال تشریف لے گئے اور اخبار الفضل اس خُلقِ کریمانہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھتا ہے:
’’جمعہ کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح مع ڈاکٹر حشمت اﷲ صاحب آپ کی کوٹھری میں گئے، نبض دیکھی گئی چمچے کے ذریعہ دودھ دیا گیا، آنکھیں کھُلی تھیں بخار زور کا تھا ہوش بجا نہ تھے، سانس اُکھڑی ہوئی تھی، حضرت خلیفۃ المسیح جمعہ کے دن سے عصر کیوقت تک کوئی ڈیڑھ گھنٹہ منشی صاحب کے پاس اسی کوٹھڑی میں بیٹھے رہے۔ مناسب دوائیں وغیرہ دی گئیں مگر ہوش بجا نہ ہوئے‘‘۔
(الفضل یکم نومبر ۱۹۱۹ء صفحہ ۷)
ایسے بے شمار واقعات میں سے ایک اور درج ذیل ہے:
’’قادیان ۱۵؍جون ۔ آج صبح حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ تعالیٰ ابو عبیداﷲ جناب حافظ غلام رسول صاحب وزیر آبادی کی عیادت کے لئے نور ہسپتال میں تشریف لے گئے۔ حافظ صاحب گزشتہ پانچ ماہ سے بعارضہ فالج بیمار ہیں اور نور ہسپتال میں دو ماہ سے بغرضِ علاج داخل ہیں لیکن ابھی تک بیماری میں کوئی نمایاں افاقہ نہیں ہوا …… قریباً نصف گھنٹہ تک حضور ازراہِ نوازی ہسپتال میں تشریف فرما رہے اور حافظ صاحب کے حالات بغور سُنتے رہے……‘‘۔
(الفضل ۱۷؍جون ۱۹۳۷ء صفحہ۲)
مکرم ملک صلاح الدین صاحب قادیان لکھتے ہیں:
’’۱۹۴۵ء میں ڈلہوزی ترجمۃ القرآن انگریزی کے کام کے لئے حضرت مولوی شیر علی صاحب اور مکرم ملک غلام فرید صاحب ایم اے لگے ہوئے تھے۔ حضرت مولوی صاحب کا غدوہ قدامیہ کی سوزش سے اچانک پیشاب بند ہو گیا۔ حضور نے خاص توجہ سے حضرت ڈاکٹر حشمت اﷲ صاحب سے علاج کرایا اور خود بھی عیادت کے لئے تشریف لے گئے اور باقاعدہ اطلاع منگواتے رہے‘‘۔
’’بعض خاندانوں سے قدیم تعلقات ہونے کی وجہ سے حضور ان کا ہمیشہ خیال رکھتے تھے۔ شدید علالت کے باوجود حضور نے ان کے جذبات کا خیال رکھا۔ بعض جنازے (جنازہ گاہ تک چل کر نہ جاسکنے کی وجہ سے) قصر خلافت میں پڑھائے۔ ایک جنازہ کی نماز کے وقت تو حضور کھڑے بھی نہیں ہو سکتے تھے اور پہرہ داروں نے حضور کو سہارا دیا ہوا تھا‘‘۔
(سوانح فضل عمر جلد ۵ صفحہ ۴۱۶،۴۱۷)

غیروں سے حسنِ سلوک

حضرت مصلح موعود کے اعلیٰ اخلاق سے صرف آپ کے معتقدین نے ہی فیض نہیں اٹھایا بلکہ غیروں نے اور مخالفینِ سلسلہ نے بھی وافر حصّہ پایا۔ اس تعلق میں صرف چند واقعات پیش ہیں:
’’ایک موقع پر قادیان میں حضور کو علم ہوا کہ پنڈت ملاوامل صاحب کی دکان اچھی نہیں چل رہی اور ان کو مالی دقت درپیش ہے۔ اس پر حضور نے اس امر کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہ ہندو لوگ اور خصوصاً یہ خاندان بطور امداد مانگنے کو پسند نہیں کرتے۔ حضور نے مجھے ارشاد فرمایا کہ ان کی دکان پر جاکر جو عام استعمال ہونے والی دوائیں ان کے پاس تیار شدہ موجود ہوں اور فروخت نہ ہوتی ہوں وہ 300/400روپے کی قیمت کی خرید لو۔ ان کے بتائے ہوئے نرخ کے متعلق ان سے کسی رعایت کا مطالبہ نہ کیا جاوے۔ اس طرح کسی حد تک ان کی امداد ہو جائے گی اور ان کو امداد کا احساس بھی نہ ہو گا۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔ اس سے اس طور پر خفیہ احسان فرمایا کہ ان کو اپنے محسن کا پورے طور پر علم بھی نہ ہونے دیا‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ۵۱)
مکرم شیخ مبارک احمد صاحب پانی پتی تحریر کرتے ہیں کہ:
’’۱۹۲۴ء میں جب حضرت صاحب لندن تشریف لے گئے تو واپسی پر آپ پانی پت کی طرف سے گزرے۔ اس کا اعلان الفضل میں پہلے سے ہو گیا تھا۔ وقت مقررہ پر پانی پت کے احمدی حضور کو خوش آمدید کہنے کے لئے اسٹیشن پر آئے۔ شمس العلماء مولانا الطاف حسین حالی کے فرزند جناب خان صاحب خواجہ سجاد حسین بھی آپ کی آمد کی خبر سُن کر اسٹیشن پر آپ سے ملنے آئے۔ جب گاڑی اسٹیشن پر آکر رکی تو تمام احمدی احباب حضور سے شرف مصافحہ حاصل کرنے اور آپ کی زیارت کرنے کے لئے فوراً اُس درجہ میں چڑھ گئے جس میں حضور سوار تھے۔ میں نے حضور کی خدمت میں عرض کی کہ مولانا حالی کے لڑکے خواجہ سجاد حسین صاحب بھی آپ سے ملنے اسٹیشن پر آئے ہوئے ہیں اور نیچے پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں وہ غیر احمدی ہیں اگر آپ ان سے ملنا چاہیں تو میں ان کو اندر درجے میں بلا لوں۔ حضرت صاحب نے فرمایا نہیں میں خود نیچے اتر کر ان سے ملوں گا۔ یہ فرما کر فوراً حضور کھڑے ہوئے اور پلیٹ فارم پر اتر کے خواجہ صاحب سے نہایت تپاک کے ساتھ ملے اور گاڑی کے روانہ ہونے تک برابر ان سے باتیں کرتے رہے انہوں نے پانی پت کی بالائی تحفہ کے طور پر پیش کی جو حضورنے نہایت خندہ پیشانی سے قبول کی‘‘۔(ماہنامہ انصار اﷲ جنوری ۱۹۶۶ء صفحہ ۲۴)
امیر امان اﷲ شاہ افغانستان جس کے عہد میں کئی احمدی شہید کئے گئے ۱۹۲۷ء میں ہندوستان کے دورہ پر آیا۔ اس موقع پر جماعت احمدیہ کی طرف سے خیر مقدمی پیغام بھیجا گیا۔ حضرت مولوی شیر علی صاحب نے تحریر فرمایا:
’’جماعت احمدیہ اور اس کے مقدس امام کی طرف سے میں ہزمیجسٹی امیر کابل کی خدمت میں ان کے سرزمین ہند میں (جو کہ جماعت احمدیہ کے مقدس مان کی جائے پیدائش ہے) ورود کے موقع پر نہایت خلوص سے خیر مقدم کہتا ہوں۔
ہم ہز میجسٹی کی وفادار احمدی رعایا افغانستان کے ساتھ اس دعا میں متحد ہیں کہ ہز میجسٹی کا سفر یورپ نہایت کامیابی کے ساتھ سرانجام پائے اور آپ اپنی مملکت میں سالماً خانماًواپس تشریف لائیں۔
بہ سر رفتنت مبارک باد
بسلامت روی و باز آئی‘‘
(شیر علی سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الثانی)
اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے اخبار انقلاب نے لاہور لکھا:
’’ہمیں یہ معلوم کر کے بے انتہا مسرت ہوئی کہ جماعت احمدیہ قادیان کے امام صاحب نے اعلیٰ حضرت شہریار غازی افغانستان کے ورود ہند پر اعلیٰ حضرت کی خدمت میں خیر مقدم کا محبت آمیز پیغام بھیج کر اپنی فراخدلی کا ثبوت دیا ہے اور قادیان کے جرائد نے اس پیغام کو نہایت نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔
آج سے کچھ مدت پیشتر دو تین احمدیوں کے رجم پر جماعت احمدیہ اعلیٰ حضرت شہریار افغانستان کی حکومت کی سخت مخالف ہو گئی تھی اور ان دنوں میں امام جماعت اور جرائد قادیان نے نہایت تلخ لہجے میں حکومت افغانستان کے خلاف احتجاج کیا تھا……
یہ نہایت قابل تعریف بات ہے کہ امام جماعت احمدیہ نے اس ہنگامی وجہ اختلاف کو فراموش کر کے مہمان محترم کا خیر مقدم کیا۔ اس طرز عمل کا اثر ایک طرف عام مسلمانان ہند پر بہت اچھا ہو گا۔ دوسری طرف افغانستان میں رہنے والے احمدیوں کے تعلقات اپنے بادشاہ اور اس کی حکومت کے ساتھ زیادہ خوشگوار ہو جائیں گے ……‘‘ (الفضل ۲۳؍دسمبر ۱۹۲۷ء)
’’ایک دفعہ ایک سخت مخالف غیر از جماعت کسی کام کے سلسلہ میں حضرت مصلح موعود سے ملنے کے لئے ربوہ آئے۔ ان کی حضرت ام ناصر صاحبہ سے قریبی رشتہ داری بھی تھی اس لئے سیدھے وہاں پہنچے اور پیغام بھجوایا کہ میں نے حضرت صاحب سے ملنا ہے مجھے وقت لے دیں۔ مگر انہوں نے غیرت کی وجہ سے جواب دیا:
’’یوں تو آپ میرے خاوند کو گالیاں دیتے ہیں مگر جب کام ہوتا ہے تو سفارش کروانے آجاتے ہیں۔ میں نہ صرف یہ کہ پیغام نہ دوں گی بلکہ آپ سے ملنا بھی پسند نہیں کرتی‘‘۔
وہ صاحب ادھر سے مایوس ہو کر دفتر پرائیویٹ سیکرٹری گئے اور وہاں سے کوشش کر کے ملاقات کا وقت لے لیا۔ کچھ دیر بعد حضور حضرت اُمّ ناصر صاحبہ کے ہاں تشریف لائے اور فرمایا کہ انہی صاحب کے لئے اکرام ضیف کے طور پر ایک دوڈش مزید تیار کر دو۔ وہ کھانا میرے ساتھ کھائیں گے۔
حضرت اُمّ ناصر صاحبہ نے ان کا پیغام اور اپنا جواب بتایا تو حضور نے فرمایا تم نے تو اپنی غیرت کا اظہار کر دیا ہے مگر اب وہ میرے مہمان ہیں اور رسول اﷲ ؐنے مہمان کی بڑی عزت رکھی ہے۔ وہ گالیاں دے کر اپنے اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہیں اور میں نے سنت رسول ؐ پر چل کر اپنے اخلاق کا مظاہرہ کرنا ہے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۸۷ء صفحہ ۵۸)
’’ایک شخص تھا ’’فخر الدین ملتانی‘‘ ایک فتنہ کا بانی مبانی۔ اس نے اپنی زبان سے ، قلم سے حضرت محمود اور آپ کے اہل کے خلاف انتہائی سب و شتم اور بہتان طرازی سے کام لیا۔ اس کی اشتعال انگیزی حد سے بڑھی ہوئی تھی اور اس کا دل حضرت مسیح موعود کے خاندان اور حضرت مصلح موعود کے لئے بغض و عناد سے بھرا ہوا تھا لیکن جب وہ فوت ہو گیا تو اس کی بیوی حضور کی خدمت میں حاضر ہوئی اور اپنی مالی تنگی اور سامان خورونوش سے تہی دستی کا ذکر کرتے ہوئے امداد کی درخواست کی۔ باوجود اس کے کہ فخر الدین ملتانی اور اس کے ساتھیوں کے فعل سے احمدیوں اور حضور کے دل زخمی تھے اور اس کا پیدا کردہ فتنہ جاری تھا مگر یہ مجسم حلم وجود، شفقت ورأفت کا پیکر اس کنبے کی زبوں حالی درد سے بھر گیا اور ہمدردی خلق کا چشمہ آپ کے دل میں موجزن ہوا اور آپ نے ان کے لئے سامان خورونوش فراہم کرنے کا انتظام کیا جبکہ فخر الدین کے نام نہاد دوست اس کی کوئی بھی مالی مدد نہ کر سکے۔
حضور نے اعلان فرمایا تھا کہ آپ سوائے اپنے رشتہ داروں یا واقفین کے دوسرے احباب جماعت کے نکاحوں کا اعلان کرنے کی فرصت نہ نکال سکیں گے لیکن جب فخر الدین ملتانی کے لڑکے نے کہا کہ اگر اس کی ہمشیرہ کا نکاح خود حضور پڑھانا منظور فرماویں تو تب ہی اس کا رشتہ احمدیوں میں ہو سکتا ہے ورنہ کوئی احمدی اس کا رشتہ قبول کرنے کے لئے تیار نہ ہو گا تو آپ نے یہ درخواست قبول کرتے ہوئے فخر الدین کی لڑکی کے نکاح کا اعلان خود فرمایا‘‘۔ (مجلۃ الجامعہ مصلح موعود نمبر صفحہ ۱۵۴)
قادیان میں ایک ڈاکٹر گوربخش سنگھ تھے۔ وہ جماعت سے عناد رکھتے تھے بلکہ سر خیل معاندین تھے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ:
’’میری بھانجی ایف اے میں تعلیم پاتی تھی اور اس نے فلاسفی کا مضمون لیا ہوا تھا۔ اس مضمون میں وہ کمزور تھی قادیان میں سوائے احمدیہ جماعت کے افراد کے اور کوئی اعلیٰ تعلیم یافتہ نہ تھا۔ دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ مکرم عبدالسلام صاحب اختر فلاسفی میں ایم۔اے ہیں۔ میرے ان کے والد ماسٹر علی محمد صاحب بی اے بی ٹی سے اچھے مراسم تھے۔ چنانچہ میں ان کے پاس حاضر ہوا اور اپنی بھانجی کے لئے عبدالسلام صاحب کو ٹیوشن پڑھانے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ ماسٹر صاحب فرمانے لگے میرا بیٹا عبدالسلام واقف زندگی ہے اور اس کے وقت کا ایک ایک منٹ حضرت صاحب کے حکم کے تحت ہے۔ اگر حضرت صاحب اجازت دے دیں تو وہ بخوشی یہ خدمت بجا لا سکتا ہے۔ ان دنوں میں میں نے حضرت صاحب اور جماعت کے خلاف کچھ مقدمات کئے ہوئے تھے اور میرے تعلقات حضور کے ساتھ کشیدہ تھے۔ لہٰذا میں حضرت صاحب کی خدمت میں مکرم عبدالسلام صاحب کو اجازت دینے کے لئے کہنا نہ چاہتا تھا لیکن جب پڑھانے کا کوئی اور انتظام نہ ہو سکا تو مجبوراً میں نے حضور کی خدمت میں اپنی غرض کے لئے ایک رقعہ لکھا۔ حضور نے اس پر بخوشی عبدالسلام صاحب کو جانے کی اجازت دے دی۔ چنانچہ مکرم عبدالسلام صاحب کئی ماہ تک میری بھانجی کو پڑھاتے رہے۔ میں نے ان کو ٹیوشن فیس دینا چاہی لیکن انہوں نے کہا کہ میں حضرت صاحب کے حکم کے تحت بطور ڈیوٹی پڑھا رہا ہوں اس کا معاضہ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوا۔ نتیجہ نکلنے پر یہ لڑکی بہت اچھے نمبروں میں پاس ہوئی اور میں ایک تھال میں مٹھائی اور مبلغ دس روپے لے کے عبدالسلام صاحب کے گھر پہنچا۔ انہوں نے کہا میں یہ مٹھائی اور روپے نہیں لے سکتا۔ اگر آپ چاہیں تو حضرت صاحب کے پاس لے جائیں۔ میں نے وہ مٹھائی حضور کی خدمت میں بھجوائی۔ حضور نے بچی کو مبارکباد دی اور فرمایا کہ آپ ہمارے پڑوسی ہیں۔ میں نے جو بچی کی پڑھائی کا انتظام کیا ہے وہ کسی معاوضے کے لئے نہیں تھا۔ حضور نے مٹھائی دفتر پرائیویٹ سیکرٹری کے ذریعہ تقسیم کرادی اور رقم مجھے واپس کر دی‘‘۔ (مجلۃ الجامعہ مصلح موعود نمبر صفحہ ۱۵۱)
’’جماعت احمدیہ کے ایک دیرینہ معاند اور ایک بہت بڑے اخبار نویس بیمار ہو کر مری میں صاحب فراش تھے۔ وہ فالج کی بیماری میں مبتلا تھے اور نہایت کسمپرسی کے عالم میں اپنی زندگی کے آخری دن گزار رہے تھے۔حضرت مصلح موعود کو علم ہوا تو آپ برداشت نہ کر سکے اور ڈاکٹر غلام مصطفی صاحب کو بغرض علاج بھجوایا اور ادویہ کے لئے اپنی جیب خاص سے رقم مرحمت فرمائی۔ اس سلسلہ میں جناب عبدالحکیم صاحب عمر کا بیان ہے کہ:
’’ایک سال پیشتر جب آغا صاحب (شورش کاشمیری صاحب مدیر چٹان۔ناقل) سخت علیل تھے۔ قادیانیوں کے روحانی پیشوا (مراد حضرت خلیفۃ المسیح الثالث) نے ایک پیغام کے ذریعے آپ کو غیر ملکی دوائیوں کی پیشکش کی …… مولانا ظفر علی خان کی علالت کے دنوں میں جبکہ وہ مری میں مقیم تھے، قادیانیوں کے روحانی پیشوا سے مولانا کو بھی اس قسم کی پیشکش کی گئی تھی‘‘۔
(نوائے وقت ۳۰؍اکتوبر ۱۹۷۵ء)
پیشگوئی مصلح موعود میں آپ کی ایک علامت دل کے حلیم ہونے پر مذکورہ بالا واقعات شاہد ہیں۔ اس حوالہ سے ایک اور واقعہ مکرم مولانا محمد احمد جلیل صاحب یوں قلمبند کرتے ہیں:
’’۱۹۳۳ء میں جب حضور ڈلہوزی میں قیام فرما تھے اور وہیں پر حضور کی ڈاک جایا کرتی تھی۔ وہاں پر ڈاکخانہ کا جو عملہ تھا ان میں سے بعض احراری مزاج کے تھے اور وہ پرائیویٹ سیکرٹری کی ڈاک میں کچھ گڑ بڑ کرتے تھے۔ دفتر پرائیویٹ سیکریٹری کی طرف سے اعلیٰ حکام سے اس بات کی شکایت کی گئی۔ جس پر ان کی انکوائیری ہوئی کچھ دنوں کے بعد ڈاکخانہ کے عملہ کے کچھ لوگ حضور سے ملنے آئے۔ آپ نے ان سے ملاقات کی اور انہیں چائے وغیرہ پیش کی۔ ہم کمرے کے باہر سے دیکھ رہے تھے کہ دوران گفتگو وہ لوگ ناشائستگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بلند آواز سے اور آداب کو ملحوظ نہ رکھتے ہوئے باتیں کر رہے ہیں۔ ہمیں باہر سے ان پر شدید غصہ آرہا تھا کہ انہیں روکا کیوں نہیں جاتا مگر حضور پر نور کا یہ حال تھا کہ آپ بڑے پیارے اور بڑے آرام سے ان کی باتوں کا جواب دے رہے تھے اور ان کی ناشائستہ گفتکو پر کسی رنگ میں ناراضگی کا اظہار نہ فرمایا‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ ۶۳)

غیر معمولی ذہانت

پیشگوئی مصلح موعود میں اﷲ تعالیٰ نے آپ کی ایک خوبی یہ بیان فرمائی ہے کہ ’’وہ سخت ذہین و فہیم ہو گا‘‘ پیشگوئی کی یہ علامت بھی آپ کے اندر کمال درجے پر نظر آتی ہے۔ آپ کی نقطہ رسی، بصیرت افروزی اور عرفان کی نور افشانیوں کا یہ عالم تھا کہ آپ کی تصنیفات و تحقیقات کا قاری نہ صرف وجد کرنے لگتا تھا بلکہ خود اُس کی ذہنی بینائی اور فکری بصیرت بھی بڑھ جاتی ہے اور اُس کا ذہن اور دماغ نقطہ رس اور معنٰی آفرین بن جاتا ہے حضور کی اِن خوبیوں کا اعتراف غیر بھی کئے بغیر نہ رہ سکے۔ چنانچہ اُردو کے مایہ ناز محقق جناب نیاز احمد صاحب فتح پوری تفسیر کبیر کی جلد سوئم کے مطالعہ کے بعد لکھتے ہیں:
’’آپ کی تبحرِ علمی۔ آپ کی وسعتِ نظر۔ آپ کی غیر معمولی فکر و فراست، آپ کا حسنِ استدلال، آپ کے ایک ایک لفظ سے نمایاں ہے اور مجھے افسوس ہے کہ میں کیوں اِس وقت تک بے خبر رہا۔ کاش! کہ میں اس کی تمام جلدیں دیکھ سکتا‘‘۔ (بحوالہ الفضل ۱۷؍نومبر۱۹۶۳ء صفحہ۳)
یہاں حضور کی غیر معمولی فکر و فراست اور ذہانت اور حافظہ کے چند واقعات پیش کئے جاتے ہیں۔
مکرم مولانا عبدالرحمن صاحب پرائیویٹ سیکرٹری بیان کرتے ہیں:
’’اﷲ تعالیٰ نے آپ کو غیر معمولی حافظہ عطا فرمایا تھا۔ ایک مرتبہ جب کئی ماہ کے بعد کچھ ڈاک حضور کی خدمت میں پیش کی گئی تو خاکسار کے پہلے خط کے پیش کرنے پر فرمایا کہ یہ خط تو چھ ماہ سے آیا ہوا ہے۔ خاکسار نے عرض کی یہ درست ہے لیکن موقع نہ مل سکا۔ جب خاکسار اس کا خلاصہ عرض کرنے لگا تو بھی فرمایا مضمون مجھے یاد ہے اور جواب لکھوا دیا۔ یہ واقعہ حضور کی کمال یاداشت کا معمولی واقعہ ہے۔ دوسرے موقعوں پر بھی خطوط کا خلاصہ سنانے کی نوبت بہت کم آتی تھی۔ فریسندہ کا نام سنتے ہی ارشاد فرمادیا کرتے تھے‘‘۔ (ماہنامہ خالد فروری ۱۹۹۱ء صفحہ۵۱)
مکرم میر محمد بخش صاحب ایڈووکیٹ ایک واقعہ یوں تحریر کرتے ہیں:
’’غالباً ۱۹۴۴ء کا واقعہ ہے۔ میں اپنے چند دوستوں کے ہمراہ ستمبر کی تعطیلات میں ڈلہوزی گیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی …… بھی آرام کی خاطر اپنے چند احباب کے ساتھ وہاں تشریف لے گئے ہوئے تھے۔ میرے ہمراہیوں میں سے ایک صاحب چوہدری غلام مصطفی صاحب تھے۔ ایڈووکیٹ تھے جوکہ آجکل گوجرانوالہ پریکٹس کرتے ہیں۔ انہوں نے ۱۹۳۵ء میں حضور اور ان کی پارٹی کو لنڈن میں کھانے پر مدعو کیا تھا۔ جب کہ حضور مذہبی کانفرنس میں شامل ہونے کے لئے وہاں گئے ہوئے تھے۔ جمعہ کے روز میں نے چوہدری صاحب اور اپنے دیگر ہمراہیوں کو کہا کہ وہ بھی ساتھ چلیں تاکہ حضور کی بابرکت صحبت سے فائدہ اٹھائیں۔ جمعہ کی نماز ختم ہو جانے کے بعد میں نے اپنے ہمراہیوں کو کہا کہ وہ حضور کے قریب آ جائیں تاکہ اُن کا تعارف کراسکوں۔ چوہدری غلام مصطفی صاحب جب قریب ہوئے اور میں نے ان کا تعارف حضور سے کرانا چاہا تو حضور نے فرمایا میں چوہدری صاحب کو خوب اچھی طرح جانتا ہوں۔ انہوں نے ………… میں ہمیں کھانے پر بلایا تھا۔ حالانکہ اس واقعہ کو قریباً ۱۹ سال ہو چکے تھے اور اُس وقت چوہدری صاحب کی عین جوانی کی عمر تھی اور طالب علمی کا زمانہ تھا اور اب بالوں میں کافی سفیدی آچکی تھی لیکن حضور نے فوراً انہیں پہچان لیا اور ان کا نام بھی بتا دیا۔ حالانکہ وہ حضور کو ایک ہی دفعہ پہلے ملے تھے‘‘۔ (الفضل ۱۱؍جون ۱۹۶۶ء صفحہ ۵)
مکرم شیخ محمد اسمٰعیل صاحب پانی پتی تحریر فرماتے ہیں:
’’ہر معاملہ کو بڑے غور سے سننے اور ہر کاغذ کو نہایت احتیاط سے دیکھنے کی جو عجیب و غریب لیاقت اور قابلیت حضرت صاحب میں تھی اس کا ایک نمونہ ذیل کے واقعہ میں پڑھئے اور تعجب کیجئے۔
جب ۱۹۵۴ء میں میری عزیزہ حور بانو کا نکاح ربوہ میں مولوی قمر الدین صاحب انسپکٹر اصلاح و ارشاد نے پڑھا تو نکاح کے فارم میں ایک اندراج غلطی سے واقعہ کے خلاف ہو گیا۔ اس فارم پر حضرت میاں بشیراحمد صاحب جیسے محتاط بزرگ کے بھی تصدیق کے دستخط تھے اور یہ فارم درجہ بدرجہ مولوی قمر الدین صاحب کارکن صیغہ متعلقہ ناظر صاحب امور عامہ اور پرائیویٹ سیکرٹری کی نظروں سے گذرا مگر کسی ایک شخص کی بھی توجہ اس موٹی غلطی کی طرف مبذول نہ ہوئی جو اس فارم کی خانہ پری کرتے وقت سہواً ہو گئی تھی۔ مگر جس وقت آخر میں یہ فارم حضرت صاحب کی خدمت میں ملاحظہ کے لئے پیش کیا گیا تو فوراً حضرت صاحب نے اس غلطی کو پکڑ لیا اور ان سے سب سے جواب طلب کیا جنہوں نے اس فارم کو دیکھنے اور پڑھنے اور دستخط کرنے کے بعد پاس کیا تھا۔ میں نے حضرت صاحب کے ہر معمولی سے معمولی کاغذ کوبھی اس قدر احتیاط کے ساتھ دیکھنے پر تعجب میں رہ گیا اور آج تک حیران ہوں‘‘۔ (ماہنامہ انصار اﷲ جنوری ۱۹۶۶ء صفحہ ۲۸)
مکرم چوہدری ظہور احمد صاحب آڈیٹر صدر انجمن احمدیہ بیان کرتے ہیں:
’’جولائی ۳۱ء میں شملہ کے مقام پر آل انڈیا کشمیر کمیٹی کا قیام ہوا۔ مسلم اکابرین ہند کی درخواست پر حضرت امیر ……خلیفۃ المسیح الثانی …… کمیٹی کے صدر منتخب ہوئے۔ حضور ابھی شملہ میں مقیم تھے۔ (راقم الحروف کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ اس سفر میں حضور کے ہمراہیوں میں شامل تھا) کہ ایک روز گورنمنٹ آف انڈیا کے چند مسلم افسر حضور کی خدمت میں حاضر ہوئے اورعرض کیا کہ شملہ میں دو بڑی مساجد یعنی جامعہ مسجد اور کشمیری مسجد کے امام ایک دوسرے کے معاند بنے ہوئے ہیں اور سٹیج پر ایک دوسرے کے خلاف دشنام طرازی کرتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ اب ان کے مقتدیوں میں بھی اختلاف پیدا ہو رہا ہے۔ آپ مسلمانوں کے خیر خواہ اور ہمدرد ہیں۔ اس معاملہ میں ضرور دخل دیں اور علماء کی صلح کرادیں۔ حضور نے اس درخواست کو منظور فرماتے ہوئے کوشش کا وعدہ فرمایا۔
حضور نے ہر دو امام صاحبان کو مختلف اوقات میں اپنی قیامگاہ ’’فیرویو‘‘میں مدعو کیا۔ ان کی باتین سُنیں۔ ایک دوسرے کے خلاف وہ جو الزامات لگا رہے تھے ان کا علم حاصل کر کے اپنا مقصد ’’صلح‘‘ بیان کیا۔ وہ حضرات جو ایک دوسرے کیخلاف نہ صرف یہ کہ کفر کے فتوے لگاتے تھے بلکہ ایک چھت کے خیمے میں جمع ہونا بھی کفریقین کرتے تھے۔ ان کوحضور نے اپنی مخلصانہ مدلل گفتگو کے بعد اس بات پر آمادہ کر لیا کہ وہ ’’فیرویو‘‘ میں اکٹھے ہو کر بالمشافہ بات چیت کریں۔
اس کے بعد ہر دو علماء کو حضور نے ایک روز رات کے کھانا پر مدعو کیا۔ کھانے کے بعد گفتگو شروع ہوئی جس میں بعض اوقات شدید تلخی بھی پیدا ہوئی۔ یہ مجلس کئی گھنٹے جاری رہی۔ جب برخواست ہوئی تو صورت یہ تھی کہ دونوں امام صاحبان ایک دوسرے سے مصافحہ ہی نہیں بلکہ معانقہ کرنے کے بعد گھروں کو روانہ ہوئے اور مخالفانہ تقریروں کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ مسلم اکابرین نے حضور کا شکریہ ادا کیا کہ حضور کی کوشِش سے مسلمانوں میں اتحاد پیدا ہو گیا۔ (فضل عمر نمبر الفضل ۱۹۶۶ء صفحہ ۴۸)
ایک احراری لیڈر چوہدری افضل حق نے حضرت مصلح موعود کی ذہانت کے متعلق یوں گواہی دی:
’’جس قدر روپے احرار کی مخالفت میں قادیان خرچ کر رہا ہے اور جو عظیم الشان دماغ اس کی پُشت پر ہے وہ بڑی سے بڑی سلطنت کو پل بھر میں درہم برہم کرنے کے لئے کافی تھا‘‘۔
(اخبار مجاہد۱۰؍اگست ۱۹۳۵ء)
مکرم ملک حبیب احمد صاحب ڈپٹی انسپکٹر سکولز اس حوالہ سے ایک واقعہ تحریر کرتے ہیں کہ:
’’ شجاع آباد میں کئی دفعہ مشہور احراری لیڈر قاضی احسان احمد صاحب ۔ میرے پاس آیا کرتے تھے دو تین دفعہ انہوں نے کہا کہ آپ کے خلیفہ صاحب اس قدر ذہین ہیں اور ان کا دماغ اتنا اعلیٰ ہے کہ ہماری سکیمیں فیل کر دیتے ہیں۔ میں انہیں کہتا کہ یہ ٹھیک ہے لیکن تھوڑا سا آگے بڑھو اور یہ کہو کہ اﷲ تعالیٰ کی امداد ان کے ساتھ ہے جو آپ کو کچھ کرنے ہی نہیں دیتی لیکن چونکہ انہیں اس امر سے اتفاق نہ تھا لہٰذا موضوع سخن بدل جاتا‘‘۔ (الفضل ۲۰؍مارچ ۱۹۶۶ء صفحہ ۵)
انکساری
مذکورہ بالا تمام صِفات اور محاسِن سے متصف ہونے کے باوجود حضرت مصلح موعود کی طبیعت میں عاجزی و انکساری اور تواضع کی خوبیاں پائی جاتی تھیں جن کا درج ذیل عملی واقعات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے:
’’۲۷؍جنوری ۱۹۲۸ء چوہدری فتح محمد صاحب ایم اے کے ہاں دعوت ولیمہ تھی جس میں اکثر معززین جماعت اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اﷲ تعالیٰ مدعو تھے جس کمرہ میں نشست گاہ کا انتظام تھا۔ وہاں دو لکڑی کے تخت بچھے تھے جن پر حضرت اقدس کے لئے نشست گاہ بنائی گئی اور چونکہ وہ کافی لمبے چوڑے تھے اس لئے حضور کے ساتھ اور بھی کئی اصحاب بیٹھ سکتے تھے۔ باقی کمرہ میں دیگر اصحاب کے بیٹھنے کے لئے فرش کیا گیا لیکن جب حضور کمرہ میں تشریف لائے اور اس جگہ رونق افروز ہونے کی درخواست کی گئی تو حضور نے یہ دیکھ کر وہ جگہ کمرہ کے دوسرے فرش سے کسی قدر اونچی ہے وہاں بیٹھنا پسند نہ کیا اور فرمایا اور دوست نیچے بیٹھیں تو میں اوپر کس طرح بیٹھ سکتا ہوں اور نچلے فرش پر بیٹھ گئے‘‘۔ (الفضل ۳۱؍جنوری ۱۹۲۸ء صفحہ۲)
مکرم شیخ محمد اسمٰعیل صاحب پانی پتی رقم طراز ہیں:
’’ایک دعوت میں جس میں مَیں بھی حاضر تھا منتظمین نے حضرت صاحب کے بیٹھنے کے لئے خاص الخاص اہتمام کیا۔ دری پر ایک قالین بچھائی۔ ایک بڑا گاؤ تکیہ لگایا۔ کھانے کی کئی پلیٹیں آپ کے آگے دستر خوان پر قرینے سے لا کر رکھیں۔ جب حضرت صاحب تشریف لائے تو آپ نے اس سازو سامان اور خاص انتظام و انصرام کو دیکھ کر فرمایا کہ ’’یہ تکیہ میرے لئے خاص طور پر کیوں لگایا گیا ہے اور یہ قالین خاص میرے لئے کیوں بچھائی گئی ہے؟ اٹھاؤ دونوں چیزوں کو جس طرح اور تمام احباب بیٹھے ہوئے ہیں میں بھی سب کے ساتھ اسی طرح بیٹھوں گا۔
حکم کی تعمیل میں دونوں چیزیں فوراً اٹھائی گئیں اور حضور سب لوگوں کے ساتھ دری پر بیٹھ گئے اور بیٹھتے ہی اپنے دائیں بائیں بیٹھنے والے اصحاب سے فرمایا کہ آپ صاحبان اتنے الگ الگ اور دُور دُور کیوں بیٹھے ہیں۔ میرے پاس آکر بیٹھیں۔ پھر فرمایا کہ یہ چار پانچ پلیٹیں میرے سامنے کیوں لا کر رکھی گئی ہیں جب کہ تمام حاضرین کے سامنے ایک ایک پلیٹ ہے یہ سب اٹھاؤ اور صرف ایک پلیٹ رہنے دو۔ میں کوئی دیو تو نہیں جو چار پانچ پلیٹیں بھر کر کھاؤں گا۔ اس کے بعد جب منتظمین نے کھانا تمام مہمانوں کے آگے رکھ دیا تو حضور نے بلند آواز سے فرمایا کہ کیا کھانا سب دوستوں کے پاس پہنچ گیا ہے۔ اس پر ایک صاحب نے کھڑے ہو کر کہا کہ ’’حضور میرے آگے کھانا نہیں آیا‘‘اس پر حضور نے منتظمین کو ہدایت کی کہ ’’ان صاحب کو فوراًکھانا پہنچاؤ‘‘ایک دو منٹ کے بعد حضور نے پھر ان صاحب کو مخاطب کر کے بلند آواز سے پوچھا کہ ’’کیا آپ کو کھانا پہنچ گیا‘‘جب ان صاحب نے کہا کہ ’’ہاں حضور پہنچ گیاہے‘‘تب حضور نے احباب سے فرمایا کہ الحمدﷲ کہہ کر کھاناشروع فرمائیں‘‘۔ (ماہنامہ انصار اﷲ جنوری ۱۹۶۶ء صفحہ۷)
حضورکی عاجزی اور انکساری کا ایک اور واقعہ روزنامہ الفضل میں اس طرح رقم کیا گیا ہے:
’’…… حضور (بیت) احمدیہ بیرون دہلی دروازہ میں تشریف لائے جہاں احمدیہ جماعت لاہور کے احباب کثیر تعداد اور بعض بیرونی احباب بھی حضور سے شرفِ نیاز حاصل کرنے کے لئے جمع تھے۔ حضور نے سب کو مصافحہ کرنے کا موقع عطا فرمایا اور پھر فرش مسجد پر بیٹھ گئے۔ چونکہ مجمع زیادہ تھا اور سب احباب حضور کی زیارت نہ کر سکتے تھے اس لئے یہ خواہش کی گئی کہ حضور کرسی پر رونق افروز ہوں لیکن جب کرسی لائی گئی اور حضور سے اس پر بیٹھنے کے لئے عرض کیا گیا تو حضور نے پسند نہ فرمایا۔ احباب کے اشتیاق کو دیکھ کر جب پھر کرسی پر بیٹھنے کے لئے عرض کیا گیا تو حضور نے فرمایا میں یہ تو پسند نہیں کرتا کہ سب احباب فرش پر بیٹھے ہوں اور میں کرسی پر بیٹھوں لیکن چونکہ احباب کی خواہش ہے کہ مجھے دیکھ سکیں اس لئے میں کھڑا ہو جاتا ہوں اور باوجود اس کے کہ بیماری کی وجہ سے میری صحت کمزور ہے اور میرے لئے تقریر کرنا مشکل ہے مگر احباب کو کچھ سنا بھی دیتا ہوں۔ چنانچہ حضور نے کھڑے ہو کر آیت لَا يَمَسُّهُ إِلَّا الْمُطَهَّرُونَ کی نہایت لطیف تفسیر بیان فرمائی‘‘۔
پس حقیقت یہ ہے کہ حضرت مصلح موعود اپنی سیرت و کردار کے لحاظ سے دینِ حق کی جلیل القدر ہستیوں میں سے ایک خاص قابلِ قدر اور امتیازی خصوصیت رکھنے والی ہستی تھے۔ جس پر احمدیت کو بڑا نازو فخر ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے آپ کے مبارک وجود کے ذریعہ دینِ حق کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور اسے کامیابی کے راستہ پر ڈال دیا۔ حضرت مسیح موعود ؑ نے جس درخت کی تخمریزی کی تھی اُسے آپ نے بڑھنے پھلنے اور پھولنے کے قابل بنایا اور جو نُور وہ لے کر آئے تھے اُس کو دنیا میں زیادہ سے زیادہ پھیلانے کا موجب بنے ؂
اِک وقت آئے گا کہ کہیں گے تمام لوگ
ملّت کے اس فدائی پہ رحمت خدا کرے
مکمل تحریر >>